Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہِٹ مین کے لیے خوشی کا لمحہ، لیکن وراٹ کوہلی کی ریٹائرمنٹ پر شائقین غمزدہ

انڈیا کی ٹیم دوسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ جتینے میں کامیاب ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
بارباڈوس میں کھیلے گئے فائنل میچ میں انڈیا کی جانب سے دیے گئے 177 رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
انڈیا کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی اور دوسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔
اس سے قبل انڈیا نے 2007 میں پہلا آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ 
انڈیا کی جانب سے فائنل میں وراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ، ہاردک پانڈیا اور شِیوم دُوبے نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
فائنل جیتنے کے بعد وراٹ کوہلی نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے چیمپیئن بننے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ حلقوں کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
صحافی ٹِم وِگ مور اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’انڈیا نے 2023 کے ورلڈ کپ (ون ڈے) اور 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران مجموعی طور پر 19 میں سے 18 میچز جیتے۔
آئی سی سی ایونٹ میں کئی برسوں سے جیت کو ترستی ٹیم کی شاندار مستقل مزاجی۔‘
 
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان لکھتے ہیں کہ ’میرے خیال سے جسپریت بمراہ عظیم ترین وائٹ بال سِیم بولر ہیں۔‘
 
ایکس صارف کاظمی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’کرکٹ کی دنیا وراٹ کوہلی کے بعد بہت غمزدہ ہوگی۔ ابھی سے یہ محسوس ہو رہا ہے۔ اُس جیسا دوسرا کوئی دوبارہ کبھی نہیں آئے گا۔‘
 
ایکس صارف اے زیڈ خواجہ نے لکھا کہ ’ہٹ مین (روہت شرما) کے لیے خوشی ہے۔ اس بندے نے بہت غم برداشت کیے ہیں۔‘
 
ہارون نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’جنوبی افریقہ کے مداحوں کے لیے یہ بہت دل توڑ دینے والی بات ہوگی، اتنا قریب آ کر بھی اتنا دور۔ ہمارا (پاکستانی ٹیم) کا تو ہر دفعہ کا یہی ہے۔‘
 
شبھ اگروال نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ہار کر جیتنے والے کو بازیگر کہتے ہیں اور جیت کر ہارنے والے کو جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم۔‘
 

شیئر: