Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ودیوت جموال نے فلم میں کروڑوں روپے ڈبونے کے بعد سرکس سے نقصان کیسے پورا کیا؟

ودیوت جموال نے کہا کہ انہوں نے بہت پیسہ کھویا کیونکہ یہ ان کی پہلی فلم تھی (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈین اداکار ودیوت جموال نے اس سال ایک ایکشن فلم ’کریک‘ میں کام کیا جس کی ہدایت کاری آدتیہ دت نے کی تھی۔ ودیوت نے نہ صرف فلم میں کام کیا بلکہ اسے پروڈیوس بھی کیا۔ یہ اداکار کی پروڈیوس کردہ پہلی فلم تھی، جو بدقسمتی سے باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی۔
انڈین شوبز ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق فلم ’کمانڈو‘ سے شہرت پانے والے سٹار نے اب چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ جب ’کریک‘ باکس آفس پر فلاپ ہوئی تو وہ قرض میں ڈوب گئے تھے۔
لہذا اداکار نے مالی نقصانات کو پورا کرنے کے لیے ایک سرکس میں کام کیا۔ تین ماہ تک سرکس میں کام کرنے کے بعد ودیوت جموال اب قرض سے آزاد ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ جب ’کریک‘ کو تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا تھا تو یہ توقعات کے مطابق اچھا بزنس نہیں کر رہی تھی۔
ودیوت جموال نے کہا کہ انہوں نے بہت پیسہ کھویا کیونکہ یہ ان کی پہلی فلم تھی۔
’پیسے کھونے کے بعد دوستوں، اور ان لوگوں سے جنہوں نے ماضی میں پیسہ کھو دیا ہے، کی طرف سے بہت سے مشورے آئے لیکن میں نے مشورے نہیں مانے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کریک‘ کی ریلیز کے بعد میں نے ایک فرانسیسی سرکس میں کام کیا جو ایک دوست کی تھی۔ اور تین مہینوں میں، میں قرض سے آزاد ہوں۔ یہ ایک معجزہ ہے۔‘
’کریک‘ میں ارجن رامپال، نورا فتحی اور ایمی جیکسن نے بھی کام کیا۔ فلم 23 فروری 2024 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی جسے پذیرائی نہیں مل سکی۔ دریں اثنا ودیوت نے کئی ایکشن فلموں میں کام کیا ہے جن میں ’فورس‘، ’کمانڈو‘، ’جنگل‘، ’خدا حافظ‘ اور ’آئی بی 71‘ شامل ہیں۔

شیئر: