Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسکر میں نامزد فلسطینی فلم 'No Other Land' نے انڈیپنڈنٹ سپرٹ ایوارڈ جیت لیا

ایوارڈ یافتہ فلم چار فلسطینی و اسرائیلی فلم ڈائریکٹرز کی مشترکہ کاوش ہے۔ فوٹو عرب نیوز
فلسطینی-اسرائیلی ڈائریکٹرز کے اشتراک سے بننے والی فلم ’No Other Land‘ نے کیلیفورنیا میں منعقد ہونے والے انڈیپینڈنٹ سپرٹ ایوارڈز میں بہترین دستاویز فلم کا اعزاز جیت لیا۔
امریکہ کی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فلسطینی علاقے مغربی کنارے کے ایک گاؤں کی تباہی کے بارے میں بننے والی فلم کو عالمی شہرت یافتہ فلم ایوارڈ آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
انڈیپینڈنٹ سپرٹ فلم ایوارڈز کی تقریب کیلیفورنیا کے ساحلی شہر سینٹا مونیکا میں منعقد ہوئی جو آزاد فلموں اور ٹیلی ویژن کے بہترین کاموں کو سراہنے کے لیے معروف مقام ہے۔
ایوارڈ یافتہ فلم چار فلسطینی و اسرائیلی فلم ڈائریکٹرز باسل عدرا، حمدان بلال، یووال ابراہم اور راحیل شور کی مشترکہ ہدایت کاری میں بنی ان کی پہلی فلم ہے۔
فلسطینی ہدایت کار باسل عدرا کی جدوجہد کو بیان کرتی یہ فلم مغربی کنارے کے جنوی علاقے ’مسافر یطا‘ میں مقیم ایک نوجوان کارکن کی روداد بیان کرتی ہے۔
باسل عدرا اپنے بچپن سے ہی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں گھروں کی تباہی اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو دستاویزی شکل میں محفوظ کر رہا ہے۔

انڈیپینڈنٹ سپرٹ فلم ایوارڈز کی تقریب کیلیفورنیا میں منعقد ہوئی۔ فوٹو گیٹی امیجز

دوسری جانب امریکی فلم ڈائریکٹر شان بیکر کی فلم ’اینورا‘  نے انڈیپینڈنٹ سپرٹ ایوارڈز میں بہترین فلم، بہترین ہدایت کاری اور بہترین اداکار کے ایوارڈز جیت لیے ہیں۔
فلم میں امریکی اداکارہ مائیکی میڈیسن  نے بہترین اداکاری کی، یہ فلم ہیروئن کی ایک روسی ارب پتی کے بیٹے کے درمیان ہونے والے اچانک تعلق کی کہانی پر مبنی ہے۔
ایوارڈ ملنے کے موقع پر ڈائریکٹر شان بیکر نے بتایا ’فلمی صنعت اب خطرہ مول لینے والی فلموں کی مالی معاونت کرنے کے قابل نہیں رہی، یہ نظام بدلنا ہوگا کیونکہ یہ صورتحال ناقابل برداشت ہو چکی ہے، ہمیں صرف گزارہ نہیں چاہیے بلکہ آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے۔
فلم ’اینورا‘ کے ساتھ فہرست میں بہترین فلموں کے زمرے میں ’آئی سا دی ٹی وی گلو‘، ’نکل بوائز‘، ’سنگ سنگ‘ اور ’دی سبسٹینس‘ جیسی فلمیں موجود تھیں۔
 

 

شیئر: