Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سیاح سعودی عرب کا ویزا کیسے حاصل کریں، شرائط کیا ہیں؟

2024 میں27 لاکھ پاکستانی سیاحوں کی سعودی عرب آمد متوقع ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے پاکستانی سیاحوں کےلیے وزٹ ویزا کی شرائط آسان بنا دی ہیں۔
 یاد رہے کہ 2023 میں گزشتہ سال کے مقابلے 43 فیصد زائد پاکستانی سیاحوں نے سعودی عرب کا وزٹ کیا اور 2024 میں27 لاکھ پاکستانی سیاحوں کی سعودی عرب آمد متوقع ہے۔
سیاحوں کی اس بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کےلیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں 6 تشہیر دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔ 
تشہیر کے دفاتر میں صارف دوست اور بہترین خدمات پیش کی جاتی ہیں جن میں ویزا درخواست کی رہنمائی، بائیومیٹرک اندارج، سٹیٹس ٹریکنگ اور پاسپورٹ کی ڈیلوری شامل ہیں۔
طویل انتظار سے بچنےکےلیے مسافر اپنے دورے سے پہلے تشہیر کی ویب سائٹ پراپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ 
 اس سے قبل ٹرانزٹ ویزا بھی متعارف کرایا گیا جو سعودی ایئر لائن اور فلائی ناس کے ذریعے سعودی عرب آنے والے مسافروں کےلیے دستیاب ہے۔
اس ویزے کے ذریعے سیاح 96 گھنٹے تک سعودی عرب کا دورہ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ آن ارائیول ویزا ان مسافروں کے لیے دستیاب ہے جن کے پاس برطانیہ، امریکہ اور شینگن ویزا ہو۔ 
سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستانی مسافروں کےلیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا بھی متعارف کرایا ہے۔
اس ویزے کے تحت مسافر ایک سال کی مدّت میں سعودی عرب کے متعدد دوروں کے دوران ملک کے مختلف شہروں کی ثقافت اور قدرتی عجائبات سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

ایک سال کے ملٹی پل ویزا کے حامل مسافر عمرہ بھی کرسکتے ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایک سال کے ملٹی پل ویزا کے حامل مسافر عمرہ بھی کرسکتے ہیں۔ یہ اقدام مقدس مقامات کے روحانی سفر اور باہمی ثقافت کو فروغ دینے کےلیے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کرتاہے۔ 
ویزے کو آسان بنانے کے اقدام سے پاکستانی شہریوں کو نہ صرف اپنے دوست احباب اور اہلِ خانہ سے ملنے اور عمرہ ادا کرنے کی ترغیب ملے گی بلکہ انہیں ریاض کے متحرک شہر کے منظر، جدّہ کے ثقافتی ورثے، بحیرہ احمر کے پوشیدہ خزانوں سے لے کر العلا کے قدیم عجائبات جیسے مقامات تک سعودی عرب کی سیر کرنے کی بھی ترغیب ملے گی۔  
 سعودی عرب سیاحوں کےلیے سارا سال کی بہترین منزل ہے جہاں سیاح گرمیوں میں ٹھنڈے اور سردیوں میں متحرک موسم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ 
ویزادرخواستوں کے بارے میں مزید معلوماتvisa.mofa.gov.sa  اور vc.tasheer.com سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
سیاحت کےلیے مختلف آفرز اور سفری گائیڈ لائنز کے بارے میں جاننے کےلیے  www.visitsaudi.comپر لاگ آن کریں۔

شیئر: