ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے سعودی رضاکارانہ پروگرام
ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے سعودی رضاکارانہ پروگرام
بدھ 3 جولائی 2024 22:09
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بدھ کو ترکیہ میں کئی پروگرموں کا افتتاح کیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے جنرل سپروائزر ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بدھ کو ترکیہ کے علاقے ہاتائے میں سعودی رضاکارانہ سمع پروگرام کا افتتاح کیا۔
یہ ترکیہ میں زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے دنیا بھر میں کوکلیئر امپلانٹیشن اور سماعت کی بحالی کے لیے سب سے بڑا رضاکارانہ پروگرام ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس پروگرام کا مقصد 120 کولیئر امپلانٹ سرجری کرنا اور زلزلے سے متاثر ہونے والے شامی اور ترک بچوں میں 375 آلہ سماعت تقسیم کرنا ہے۔
اس پروگرام سے زلزلے سے متاثرہ 495 شامی اور ترک بچے فائدہ اٹھائیں گے۔
جبکہ کوکلیئر امپلانٹیشن کے شعبے میں 24 رضاکارانہ پروگراموں سے 940 افراد مستفید ہوں گے۔
سعودی عرب نے ترکیہ کی ریاست غازی عنتاب میں بھی سعودی رضاکارانہ سمع پروگرام شروع کیا ہے۔ اس میں 24 کوکلیئر امپلانٹ پروگرام اور چھ دیگر رضاکارانہ پروگرام شامل ہیں۔
ڈاکٹر الربیہ نے ترکیہ کے شہر الریحانیہ میں مصنوعی اعضا کی فراہمی کے لیے رضاکارانہ طبی پروگرام کا آغاز کیا۔
اس پروگرام کا مقصد زلزلے سے متاثرہ افراد کو صحت کی بنیادی خدمات فراہم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں ایک دوسرے پروگرام کے تحت تین علاقوں میں ایک ہزار عارضی رہائشی یونٹ فراہم کیے جائیں۔ اس سے پانچ ہزار افراد مستفید ہوں گے۔