دوحہ.... قطر اور شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کے درمیان کینیڈا کے شہر مانٹریال میں ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گئے۔ ان مذاکرات میں دوحہ نے بائیکاٹ کرنے والے عرب ممالک کی فضائی حدود کو اپنے مسافر بردار جہازوں کے لئے کھلوانے کی سرتوڑ کوشش کی تھی مگر سیاسی اختلافات کی بناءپر مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے۔ دوحہ نے بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ قطری جہازوں کےلئے خلیجی ممالک کی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی ختم کرانے کےلئے ا پنا کردار ادا کرے۔ سعوی عرب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ سلیمان الحمدان کہنا ہے کہ فضائی سروس کے حقوق سے سیاسی معاملہ بڑا اور زیادہ سنگین ہے اور شہری ہوابازی کی عالمی انجمن اسے حل نہیں کر سکتی۔سعودی وفد نے قطر پر تنظیم کے چوتھے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جس میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ انجمن کے مقاصد کے منافی کسی ملک کی فضائی حدود کا استعمال نہیں کریں گے۔