تلنگانہ این آر آئی فورم کے زیر اہتمام جدہ میں افطار ڈنر کا اہتمام
تقریب سے معززین شہر عبدلجبار، محمود مصری،شمیم کوثر ، اعجاز احمد خان اور مہمان خصوصی محمد فضل کا خصوصی خطاب
جدہ (امین انصاری)تلنگانہ این آر آئی فورم نے جدہ میں بڑے پیمانے پر افطار ڈنر کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ تقریب کا آغاز کمسن قاریہ رانیہ محمود مصری نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی ۔صدر فورم عبدالجبار نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ تلنگانہ این آر آئی فورم خدمت خلق کو اپنی آخرت کی کامیابی کا ذریعہ سمجھتی ہے۔ہم نے حج میں والنٹیری خدمات انجام دیئے۔ ہمارے فورم کا مقصد ان تارکین وطن کی خدمت کرنا ہے جو اپنے کفیلوں اور حالات کا شکار ہوتے ہیں ہم انکی رہنمائی اور مدد کرتے ہیں ۔ مملکت میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے دی گئی غیر قانونی تارکین کیلئے سہولیات سے ہم لوگوں کو نہ صرف آگہی دے رہے ہیں بلکہ ایمبیسی اور قونصلیٹ میں پریشان حال لوگوں تک پہنچ کر ان کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں ۔ نائب صدر فورم محمود مصری نے کہا کہ بہت سی تنظیمیں راشن اور سلائی مشین وغیرہ مستحق لوگوں میں تقسیم کررہے ہیں لیکن تلنگانہ این آر آئی فورم چاہتی ہے کہ ہم ان بیمار بیواؤں کی مدد کریں جو پیسے (رقم ) نہ ہونے کی وجہ سے علاج کروانے سے قاصر ہیں اور مرض انہیں آہستہ آہستہ موت کے منہ میں لیجاتا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ انہیں ماہانہ میڈیسن وظیفہ جاری کریں تاکہ وہ مرض سے چھٹکارہ پانے کیلئے دوائیں تو لے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابتداء میں 20 سے 25بیواؤں کو ماہانہ 3000 ہزار تک میڈیسن وظیفہ دینا چاہتے ہیں اور اس کام کو جلد شروع کرنے کیلئے ہمارا سروے جاری ہے ۔شمیم کوثر نے فورم کی کارکردگی سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم دیگر تنظیموں سے کچھ ہٹ کر کام کررہا ہے جس کے لئے وہ قابل مبارکباد ہے ۔ فورم کے چیئرمین اعجاز احمد خان نے کہا کہ قوم کی خدمت ہر تنظیم اپنے اپنے انداز سے کرے تو یقینا بہت سے مسائل کا حل ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے فورم کو مبارکباد دی کہ وہ معاشرے کی انتہائی حساس ضروریات پر کام کررہے ہیں ۔لکشدیپ کے ممبر آف پارلیمنٹ محمد فضل جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ اپنا روزگار کمانے کیلئے ملک سے دور یہاں مقیم ہیں لیکن اپنی آمدنی میں اللہ کی مخلوق کا حصہ نکال کر نہ صرف خیرات کررہے ہیں بلکہ جسمانی خدمت بھی کررہے ہیں یہ صرف وہی لوگ کرسکتے ہیں جن پر اللہ تعالی کا فضل ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ دور نفسہ نفسی کا ہے ایسے میں ہم دوسروں کیلئے سوچیں یقینا خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے اس موقع فورم کے احباب اور شرکاء کو لکشدیپ آنے کی دعوت دی اور کہا کہ ہم ایک چھوٹے سے جزیرے کے رہنے والے ہیں جب بھی آپ ذہنی سکون چاہتے ہیں تو ایک بار لکشدیپ کا دورہ ضرور کرنا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بہت خدمت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ آج مسلمان پسماندگی کی طرف جارہا ہے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں کام کرنا ہے اور ساتھ ساتھ مالی تعاون بھی کرنا تاکہ وہ خوشحال زندگی بسر کرتے ہوئے دنیا میں نام کماسکیں ۔ انس مصری کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا ۔