اسلام کی حفاظت و سربلندی کیلئے دینی مدارس کے قیام کو اہمیت دیں،مولانا ضیاء الدین
اسلامی تشخص اور اس کی بقا کے محافظ علماء دین ہوتے ہیں،ابوالحسنات ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام تقریب سے عمائدین کا خطاب
جدہ:(امین انصاری)اسلامی تشخص اور اس کی بقا کے محافظ علماء دین ہوتے ہیں لہذا اسلام کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ علماء کرام کو تیار کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی قادری ( شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ ) نے جدہ میں ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مفتی ضیا نے کہا کہ آج ساری دنیا میں اسلام اور مسلمانوں پر فرقہ پرست عناصر نت نئے انداز سے وار کررہے ہیں ۔مولانا عبدالقدیر طاہر نے ابوالحسنات سنٹر کے قیام سے اب تک کی رپورٹ سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ داعی محفل عبدالحق ہاشم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں کے ساتھ وعدہ ہے کہ وہ اس کی راہ میں خرچ کرے گا تو ایک کے بدلے 70 گنا زیادہ اجر و ثواب عطا کرے گا ۔سرپرست ابوالحسنات سنٹر سید جمال اللہ قادری نے کہاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم باطل اور فاشسٹ طاقتوں کو دکھانے کیلئے اسلام کا ایسا خاکہ پیش کریں جسے دیکھ کر وہ کوئی دلیل نہ مانگے اور یہ خاکہ عالم باعمل ہی ہوسکتا ہے ۔قاری محمد نور کی تلاوت کلام پاک ، حافظ و قاری سلیم قادری کی نعت شریف سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ محمد فہیم الدین نے اپنے منفرد لب و لہجہ میں نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے حاضرین محفل کو اللہ کی مخلوق کی خدمت کرنے کی طرف مائل کرتے رہے ۔ افطار سے قبل مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی نے عالم اسلام اور امت محمدیہ کی سرخروئی کیلئے رقت انگیز دعاء کی ۔ تقریب میں جدہ میں موجودہ ہندوستان کی بیشتر تنظیموں کے سربراہ اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔