دوسری بیوی کی اسلام آباد کلب میں انٹری اور ’بدو بدی‘، سینیٹ میں بحث
کمیٹی نے اسلام آباد کلب کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا اور اگلے اجلاس میں اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے طلب کر لیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کی پارلیمان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے ارکان نے اسلام آباد کلب میں دوسری بیوی کو داخلے کی اجازت نہ ملنے کو اہم مسئلہ قرار دیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر مشہور گلوکار چاہت فتح علی خان کے گانے ’بدو بدی‘ کے یوٹیوب ویوز پر اُن کے لیے ایوارڈ کا سوال اُٹھایا ہے۔
پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے ایک رُکن نے کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہا کہ وہ ایک نہایت سماجی مسئلہ کی جانب توجہ دلانا چاہتے ہیں۔
جمعے کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کے اجلاس کے دوران سلیم مانڈی والا نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ اسلام آباد کی ایلیٹ سوسائٹی کے لیے قائم ’اسلام آباد کلب‘ ایسی پالیسی رکھتا ہے جس کے تحت کسی بھی معزز رکن کی دوسری بیگم کو داخلے کی اجازت نہیں ملتی۔
کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ’یہ تو نہایت اہم مسئلہ ہے، اگر دوسری بیوی ہے تو اجازت ملنی چاہیے۔‘
کمیٹی نے اسلام آباد کلب کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا اور اگلے اجلاس میں اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے طلب کر لیا۔
کابینہ ڈویژن سے متعلق امور پر بحث کے دوران سپیشل سیکریٹری کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اراکین کو حکومت کی جانب سے سول ایوارڈز دینے کے طریقہ کار میں تبدیلیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
کیبنٹ ڈویژن کے خصوصی سیکرٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ ’سول ایوارڈز کے لیے اب یہ بھی جانچا جاتا ہے کہ وصول کنندہ نے اپنے شعبے میں معمول سے زیادہ کام کیا ہے۔‘
سپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ گلوکاروں کو ایوارڈز دیتے وقت اب ان کی یوٹیوب ویڈیوز کے ویوز کو بھی دیکھا جاتا ہے۔
کمیٹی کے رکن عامر چشتی نے سوال اٹھایا کہ کیا نئے طریقہ کار کے تحت چاہت فتح علی خان کے گانے ’بدو بدی‘ کو ایوارڈ کے لیے زیرِغور لایا جائے گا؟ سیکریٹری نے کہا کہ 'بدو بدی' جیسے گانے کے ویوز کی تعداد پاکستان کی پوری آبادی سے زیادہ ہے۔
عامر چشتی پھر کمیٹی کے چیئرمین کی طرف متوجہ ہوئے اور ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے یہ گانا سنا ہے؟ رانا محمود الحسن نے جواب میں کہا کہ ’اس گانے سے اُن کے سر میں درد ہو گیا۔‘