Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیل اور گیس کی تلاش، 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے 240 کنویں کھودنے کا فیصلہ

پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے آئندہ تین برسوں میں 5 ارب ڈالر کی لاگت سے 240 نئے کنویں کھودے جائیں گے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے پیٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں نے پاکستان میں آئندہ تین سال کے دوران 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے پیٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے ایک وفد نے سنیچر کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد کے شرکا نے پیٹرول اور گیس کی تلاش و پیداواری شعبے کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے اور ان کے مسائل سننے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
وفد نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں آئندہ تین سال کے دوران 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پیٹرولیم اور گیس کی تلاش کے لیے 240 مقامات پر کھدائی کی جائے گی۔
وزیرِاعظم نے اجلاس میں پیٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذخائر ڈھونڈنے کی دعوت دی۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو بتایا کہ ’پاکستان تیل اور گیس کی درآمد پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے،لہٰذا مقامی سطح پر تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے۔ ‘
’مقامی ذخائر سے پیداوار کے حصول سے پاکستان کا نہ صرف قیمتی زرِمبادلہ بچے گا بلکہ عام آدمی کے لیے گیس اور ایندھن بھی سستا ہوگا۔‘ 
وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو شعبے کے تمام مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جس میں متعلقہ حکام، سیکریٹریز اور ماہرین شامل ہوں گے۔
کمیٹی شعبے کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد ملک میں پیٹرولیم اور گیس کے ذخائر کی تلاش و ترقی کے لیے پُرکشش پالیسی تشکیل دینے کے لیے تجاویز مرتب کرے گی۔
 

شیئر: