مملکت کے مشرقی ساحلی جزیرے پر ’نیو ایڈونچر ٹورازم’ منصوبہ کیا ہے؟
اس پروجیکٹ کے ذریعے 2032 تک سالانہ 9 لاکھ سیاحوں کو لانا ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب اپنے مشرقی ساحلی جزیرے کے قریب ایک بڑا سیاحتی منصوبہ شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے جسے ’نیو ایڈونچر ٹورازم‘ منصوبہ کہا جا سکتا ہے۔
سبق ویب کے مطابق اس منصوبے کو دی رنگ کہا جاتا ہے جس کا عربی میں مطلب پلیٹ فارم ہے۔ یہ منصوبہ سعودی عرب میں بڑے سیاحتی منصوبوں میں سے ایک ہے اور آنے والے برسوں میں اسے سیاحوں کے لیے کھولے جانے کی امید ہے۔
یہ پروجیکٹ سعودی عرب کے مشرقی ساحل الجرید جزیرے کے قریب 40 کلو میٹر کے فاصلے پر شروع کیا جا رہا ہے۔
اس پروجیکٹ کا مقصد چار پلیٹ فارمز پر 2032 تک سالانہ 9 لاکھ سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرنا ہے جو 3 لاکھ مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں اور اس میں 800 کمروں کی گنجائش والے تین ہوٹل، 11 ریستوران اور بہت سے تفریحی ایریاز کے علاوہ کھیلوں کی سرگرمیاں موجود ہیں۔
دی رنگ پراجیکٹ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جسے آف شور آئل پلیٹ فارم سے بنایا گیا ہے جو سیاحتی منصوبوں میں غیر معمولی ہے۔ پروجیکٹ کے پلیٹ فارمز کو زمین پر تیار کیا جاتا ہے اور سمندر میں منتقل کیا جاتا ہے۔
آئل پارک ڈیویلپمنٹ کمپنی اس پروجیکٹ کو تیار کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطالعات اور تحقیق کے بعد اس نئے منصوبہ کو ڈیزائن کیا گیا ہے۔ نہ صرف مملکت کے اندر بلکہ پوری دنیا کے ایڈونچر اور مہم جوئی کے شوقین افراد ہدف ہیں۔
اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد اندرون سعودی عرب سے ہی نہیں پوری دنیا سے سیاحت کے نئے رجحان کے شوقین افراد یہاں آئیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں