Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت حج کی مثالی کاوش ، 16 زبانوں میں عمرہ گائیڈ جاری

رمضان میں عمرہ کے فضائل اور طریقوں کی بھی وضاحت کی گئی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت حج نے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے اردو سمیت 16 زبانوں میں گائیڈ بک جاری کردی ہے۔ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین اپنی زبان میں عمرہ کے احکامات اور ضروری ہدایات معلوم کرسکیں گے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے ’دلیل العمرہ‘ کے عنوان سے پی ڈی ایف فارمیٹ میں گائیڈ بک لانچ کی ہے جو اردو، فارسی، عربی ، انگلش ، ترکی ، ازبک ، اسپینش، روسی ، ہندی اوردیگر زبانوں پرمشتمل ہے۔
گائیڈ بک میں عمرہ کے طریقے آسان زبان میں بیان کیے گئے ہیں جبکہ عمرہ کے فضائل کے عنوان سے بھی ایک باب موجود ہے۔
عمرہ گائیڈ میں مکہ مکرمہ پہنچنے کے لیے ’حرمین ریلوے‘ کا بھی ذکر کیا گیا جس میں ریل کی بکنگ اور اسٹیشن کے حوالے سے معلومات دی گئی ہیں۔
حرم شریف پہنچنے سے قبل عمرہ کےلیے ضروری ہدایات بھی مختصر طریقے سے بیان کی گئی ہیں علاوہ ازیں مسجد الحرام میں موجود متحرک سیڑھیاں کہاں ہیں اور انکے ذریعے کن مقامات پر پہنچا جاسکتا ہے بتایا گیا ہے۔

 مسجد الحرام کے بارے میں تمام ترتفصیلات فراہم کی گئی ہیں(فوٹو،ایس پی اے)

عمرہ کی ادائیگی کے طواف کس طرح شروع کرنا ہے اور طواف کرنے کے آداب کیا ہیں علاوہ ازیں طواف کے سات چکر مکمل کرنے کے بعد دو رکعت کہاں ادا کرنی ہیں کے بارے میں آگاہی دی گئی ہے۔
طواف کے بعد صفا و مروہ ’سعی‘ کا آغاز کہاں سے کرنا ہے ۔ سعی کے سات چکروں کا حساب کس طرح کرنا ہے ، مسعی (سعی کا مقام) پرمسنون دعائیں کیا ہیں۔
رمضان المبارک میں عمرہ کی فضیلت اور اس دوران عمرہ کرنے کے لیے وقت کا انتخاب کیسے کیا جائے کے بارے میں بھی اہم معلومات مہیا کی گئی ہیں۔

 وھیل چیئرحاصل کرنے کے بارے میں بھی معلومات موجود ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اطراف بازار اور خریداری کے مقامات اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد بال کٹوانے کےلیے مقررہ حجاموں کی دکانوں کا محل وقوع  بھی اس کتابچے میں موجود ہے۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے یہ کاوش مثالی ہے جس سے وہ افراد درست طریقے سے مستفیض ہوسکتے ہیں جو پہلی بار عمرہ کی ادائیگی کے ارض مقدس آتے ہیں ۔  

شیئر: