سعودی عرب اور شام کے درمیان ایک دہائی بعد کمرشل پروازوں کا آغاز
سعودی عرب اور شام کے درمیان ایک دہائی بعد کمرشل پروازوں کا آغاز
بدھ 10 جولائی 2024 18:20
اس سال مئی میں شام سے براہ راست حج پروازیں چلائی گئیں ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عبرب اور شام کے درمیان ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد بدھ سے کمرشل پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
عرب نیوز نے شام کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب میں شام کے سفیر ایمن سوسن کا کہنا ہے’ پروازوں کی بحالی دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات میں پیش رفت کے عمل میں ایک اور قدم ہے‘۔
یاد رہے کہ شام اور سعودی عرب نے 2012 میں خانہ جنگی کے آغاز پر حکومت مخالف مظاہرین پر صدر بشار الاسد کے کریک ڈاون کے بعد تعلقات منقطع کر لیے تھے۔
شام جسے گزشتہ سال 22 رکنی عرب لیگ میں شامل کیا گیا تھا۔ زیادہ تر عرب ملکوں نے شام کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کر لیے ہیں۔
سیرین ایئرلائن ریاض اور دمشق کے درمیان ہر ہفتے دو پروازیں چلائے گی(فوٹو: اے ایف پی)
اس سال مئی میں شام سے براہ راست حج پروازیں چلائی گئیں، اب سیرین ایئرلائن نے دمشق سے ریاض کےلیے کمرشل پروازیں شروع کی ہیں۔
شامی فضائی کمپنی سیرین ایئرلائن ریاض اور دمشق کے درمیان ہر ہفتے دو پروازیں چلائے گی۔
اخبار 24 نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ایئرلائن دمشق سے سعودی عرب کے بڑے شہروں جدہ، دمام کے لیے بھی جلد پروازیں شروع کرگے گی اور نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے دیگر شہروں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں شامی ایئر لائن کی پہلی پرواز بدھ کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تو ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مملکت میں شامی سفیر اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
واضح رہے سعودی ایئر لائن نے ابھی دمشق کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان نہیں کیا ہے۔