Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلائی دبئی اکتوبر تک 6 نئے مقامات کے لیے پروازیں شروع کرے گی

فلائی دبئی کے نیٹ ورک میں 125 ایئرپورٹس شامل ہیں۔ (فوٹو الامارات الیوم)
فلائی دبئی نے اکتوبر 2024تک 6 نئے مقامات کے لیے اپنی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سال کے آغاز سے اب تک عالمی نیٹ ورک کے اندر 8 نئے مقامات کے لیے اپنی پروازیں شروع کی تھیں۔ 6 مزید روٹس کے بعد 2024 میں نئے مقامات کی تعداد 14 ہوجائے گی۔
فلائی دبئی اکتوبر تک جن 6 نئے ایئرپورٹس کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی ان میں 4 یورپی ممالک شامل ہیں۔  یورپی نیٹ ورک میں 21 ممالک کے 43 ایئرپورٹس تک رسائی ہوسکے گی۔
فلائی دبئی بالٹک ممالک کے لیے اپنی براہ راست پروازوں کے علاوہ 2 اگست سے یورپی شہر باسل مل ہاؤس فریبرگ کے لیے اپنی براہ راست پروازیں چلائے گی اس کے علاوہ 11 اکتوبر کو لٹویا کے ریگا انٹرنیشنل ایئرپورٹ جبکہ اسٹونیا کے ٹالین ایئرپورٹ اور لیتھوانیا کے ویلینس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے 12 اکتوبر سے براہ راست پروازیں چلیں گی۔
فلائی دبئی  حال ہی میں ایران کے دو ایئرپورٹس کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کرچکی ہے جس میں کیش جزیرے کے لیے ہفتے میں چار پروازیں جو 7 ستمبر سے شروع ہوں گی جبکہ کرمان کے لیے ہفتے میں دو پروازیں 9 ستمبر سے شروع ہوں گی۔
جنوری میں فلائی دبئی نے کینیا کے شہر ممباسا کے لیے  ہفتہ میں 4 براہ راست پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ پہلی پرواز 17 جنوری کو ممباسا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھی۔
10 فروری کو ملائیشیا کے پینانگ اور لنگکاوی کے لیے  پروازوں کا آغاز کیا تھا جس کے بعد تھائی لینڈ کے دو مقامات پتایا اور کرابی کے لیے پروازیں شروع کیں۔
فلائی دبئی روسی شہر سوچی کے  لیے ہفتے میں تین پروازوں کا آغاز کرچکی ہے جبکہ 18 اپریل کو سعودی شہر الجوف اور بحیرہ احمر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
جولائی میں فلائی دبئی نے پاکستان میں اسلام آباد اور لاہور کو بھی اپنے نیٹ ورک کا حصہ بنایا ہے اور یہاں بھی اپنی  باقاعدہ پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
پاکستان کے  دیگر شہروں فیصل آباد، کراچی، ملتان، کوئٹہ اور سیالکوٹ کے لیے بھی فلائی دبئی کی پروازیں جاری ہیں۔
فلائی دبئی کے نیٹ ورک میں اس وقت 58 ممالک کے 125 ایئرپورٹس شامل ہیں۔
فلائی دبئی کے پاس اس وقت 88 بوئنگ 737 طیاروں کا بیڑا ہے جبکہ 29 نئے طرز کے بوئنگ 800-737 طیارے جبکہ 56 طیارے بوئنگ میکس ایٹ 737  اور تین بوئنگ میکس نائن 737 طیارے ہیں۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: