لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم کون ہیں؟
جمعرات 11 جولائی 2024 11:19
رائے شاہنواز - اردو نیوز، لاہور
لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے جس کے بعد وہ لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئی ہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ لاہور ہائی کورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ میں پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر ہوئی ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کا قیام متحدہ ہندوستان میں 21 مارچ 1882 میں عمل میں آیا اور 152 سال بعد کوئی خاتون لاہور ہائی کورٹ کی سربراہ تعینات ہوئی ہیں۔
جمعرات کی صبح گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عالیہ نیلم سے بطور 53 ویں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عہدے کا حلف لیا۔
گورنر ہاؤس میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلٰی مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بیک وقت پنجاب کی وزیراعلٰی بھی ایک خاتون ہیں اور چیف جسٹس کا عہدہ بھی خاتون کے پاس ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے تمام ججز، سپیکر پنجاب اسمبلی اور وزرا نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وکلا تنظیموں کے نمائندے، سینیئر قانون دان، ایڈووکیٹ جنرل سمیت دیگر شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔
جسٹس عالیہ نیلم 1966 میں راولپنڈی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے لا کالج سے 1995 میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔
1996 میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ1998 میں وہ ہائی کورٹ اور 2008 میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں۔
جسٹس عالیہ نیلم کی 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تقرری ہوئی اور 2015 میں انہیں لاہور ہائی کورٹ کا مستقل جج بنا دیا گیا۔
گزشتہ ہفتے چیف جسٹس پاکستان کی سر براہی میں جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں متفقہ طور پر جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔
جسٹس عالیہ نیلم نے بطور جج سول اور فوجداری دونوں طرح کے مقدمات سُنے ہیں۔ ان کے کئی قانونی فیصلے نظیر کے طور پر رپورٹ بھی ہوئے ہیں۔
اپنی وکالت کی پریکٹس کے دوران انہوں نے سول عدالتوں اور لاہور کی سیشن کورٹ میں بھی سول اور فوجداری دونوں قسم کے مقدمات کی پیروی کی جبکہ بطور جج بینکنگ جرائم سے متعلق مقدمات کے بھی فیصلے دئیے۔
بطور وکیل اُن کے 46 مقدمات رپورٹ ہوئے جبکہ بطور جج اب تک ان کے 146 فیصلے رپورٹ ہو چکے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے انہیں صنفی امتیاز سے متعلق جرائم کی عدالتوں کا فوکل پرسن بھی مقرر کر رکھا تھا۔
سنیارٹی کے اعتبار سے ان کا تیسرا نمبر تھا تاہم جوڈیشل کمیشن نے پہلے تین ججز میں سے ان کا انتخاب بطور چیف جسٹس کیا ہے۔ دوسرے دو ججز میں جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس علی باقر نجفی شامل تھے۔