Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پہاڑوں اور دریاؤں کو دیکھ کر گنگناتی تھی‘ ہنزہ کی نوریمہ ریحان کا کوک سٹوڈیو تک کا سفر

نوریمہ ریحان کو پہلی مرتبہ کوک سٹوڈیو میں گانے کا موقع ملا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے شمالی علاقے ہنرہ سے تعلق رکھنے والی نوریمہ ریحان کے کوک سٹوڈیو میں گائے گانے ’مہمان‘ کی آج کل ہر طرف دھوم مچی ہوئی ہے۔
کوک سٹوڈیو پاکستان نے اپنے سیزن 15 کا گیارہواں گانا ’مہمان‘ حال ہی میں ریلیز کیا ہے۔
اس گانے نے یوٹیوب پر آتے ہی مقبولیت حاصل کر لی اور 8 دنوں میں 4 ملین ویوز لے لیے۔ نوریمہ ریحان کے علاوہ زیب بنگش اور نظام توروالی نے بھی اس گانے میں اپنے سروں کا جادو چلایا ہے۔
کوک سٹوڈیو کے نئے سیزن میں کئی آوازیں متعارف ہوئی ہیں لیکن گلگت بلتستان سے پہلی مرتبہ کسی گلوکار کو موقع ملا ہے۔ نوریمہ ریحان کا تعلق گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ کے چھوٹے سے گاؤں گلمیت گوجال سے ہے۔
نوریمہ ریحان کوک سٹوڈیو کیسی پہنچیں؟
نوریمہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پروفیشل گلوکارہ نہیں ہیں اور نہ کسی سے تربیت حاصل کی ہے، انہیں گانا گانے کا شوق ہے اس لیے گانے ریکارڈ کر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دیتی ہیں۔
نوریمہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے انہوں نے ’ان آنکھوں کی مستی‘ گانا گایا اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا، جو بہت وائرل ہوا اور انہیں بہت اچھا فیڈ بیک بھی ملا۔
اس گانے کے بعد نوریمہ سے کوک سٹوڈیو کی طرف سے رابطہ کیا گیا اور ایک نئے گانے کی آفر دی۔
’زیب بنگش جیسے بڑے نام کے ساتھ ڈیبو کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ میں زیب بنگش کے ساتھ گاؤں گی۔‘
’اپنے گاؤں میں پہاڑوں اور دریاوں کو دیکھ کر گنگناتی تھی، کبھی نہیں سوچا تھا کہ کوک سٹوڈیو جیسے بڑے پلیٹ فارم کا حصہ بنوں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ کوک سٹوڈیو میں ان کا تجربہ بہت ہی خوشگوار رہا اور وہاں کام کر کے گائیکی کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملا۔
نوریمہ کے مطابق گلگت بلتستان کے لوگوں نے ہمیشہ پیار دیا اور اس بار بھی سپورٹ کر رہے ہیں۔
نوریمہ ریحان گلوکاری کے ساتھ کھیل میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں اور قومی سطح پر آئس ہاکی کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہے۔
خیال رہے کہ آئس ہاکی کے یہ مقابلے ہر سال سردیوں کے موسم میں گلگت بلتستان میں منعقد کیے جاتے ہیں۔
نوریمہ نے حال ہی میں ایف اے کی تعلیم مکمل کی ہے تاہم اب مزید آگے پڑھنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ہنزہ کی کم عمر گلوکارہ کے کامیاب سفر پر گاؤں کے لوگوں کے ساتھ ساتھ والدین بھی بہت خوش ہیں۔
نوریمہ کا کہنا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے والدین کا اہم کردار ہے جنھوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ 
واضح رہے کہ نوریمہ ریحان شینا اور گوجالی زبان میں بھی گانے گاچکی ہے ۔

شیئر: