پاکستان کے شہر لاہور کے ایک گنجان علاقے گڑوی محلہ نے مہدی حسن، نصیبو لال اور ریشماں جیسے کئی لوک اور غزل گلوکار پیدا کیے ہیں۔
گڑوی محلے سے تعلق رکھنے والے ان گلوکاروں کی فہرست میں اس وقت اضافہ ہوا جب کوک سٹوڈیو پاکستان نے ’گڑوی گروپ‘ کی سنگرز کو اپنے گانے ’بلاک بسٹر‘ میں جگہ دی۔
مزید پڑھیں
-
’بے گھر دیکھ کر دل ٹوٹ گیا‘، کوک سٹوڈیو وہاب بگٹی کی مدد کرے گاNode ID: 694796
پاکستان کے ٹی وی میوزک شو کوک سٹوڈیو سیزن 15 کا گانا ’بلاک بسٹر‘ عمیر بٹ، فارس شفی اور گڑوی گروپ کی خواتین نے گایا ہے اور اپنے نام پر پورا اترتے ہوئے یہ گانا بھی بلاک بسٹر ثابت ہوا جسے اب تک صرف یوٹیوب پر 18 ملین سے زیادہ ویوز حاصل ہو چکے ہیں۔
اس ہپ ہاپ گانے میں فارس اور عمیر نے اپنے ریپ اور دمدار آواز سے چار چاند تو لگائے ہی تھے لیکن اس کی اصلی سٹارز گڑوی گروپ کی تین خواتین روحا، ساجدہ اور عابدہ رہیں جو لاہور کے گلی کوچوں میں گاتے گاتے سُپر سٹارز بن کر ابھری ہیں۔
گانے میں ’گڑوی گروپ‘ کے گائے گئے الفاظ ’وے بیبی رکشہ میں کرالیا میں تیرے ولے آریاں وے مرجانیا‘ آجکل زبانِ زَدِ خاص و عام ہیں۔
ایک جانب اس گانے میں دمدار ’لیرکس‘ سنائی دیتے ہیں وہیں اس میں آنکھوں کو لبھا دینے والی منظر کشی بھی کی گئی ہے۔
گانے کے سیٹ ڈیزائن کی بات کریں تو ویڈیو میں لاہور کے گرینڈ ٹرنک (جی ٹی) روڈ کے قریب شاہدرہ ضلع کے گڑوی محلہ کو جدت اور ’وینٹیج‘ کے بہترین امتزاج کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
یہ محلہ موسیقی کے ورثے سے لیس ہے اور اس کا نام بھی ایک گول برتن ’گڑوی‘ سے لیا گیا جو عام طور پر دودھ کو ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، لیکن گڑوی محلہ کی سڑکوں پر اس کو ہاتھوں سے بجا کر موسیقی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
گڑوی گروپ کی سینئر گلوکارہ ساجدہ بی بی ہیں جو پچھلی دو دہائیوں سے لاہور کی گلیوں میں فن کا مظاہرہ کرتی آرہی ہیں۔
عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ساجدہ بی بی نے کہا ’اس گروپ کو معروف میوزک کمپوزر اور کوک سٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار جبار خان، جو زلفی کے نام سے مشہور ہیں، نے یوٹیوب کے ذریعے دریافت کیا‘۔
ساجدہ نے کہا ’ہم لاہور کی فوڈ سٹریٹ پر گاتے تھے، ہماری ویڈیوز یوٹیوب پر چل رہی تھیں، پھر زلفی بھائی نے ہمیں دیکھا، پسند کیا اور ہمیں کوک سٹوڈیو کا یہ گانا دیا۔‘
ساجدہ بی بی کی چھوٹی بہن روحا اور ان کی 12 سالہ بیٹی بھی ’بلاک بسٹر‘ گانے میں اپنے کیمیو کے لیے راتوں رات مشہور ہو چکی ہیں۔
روحا کی بیٹی کا نام صبا حسن ہے جو گڑوی گروپ کے ساتھ کوک سٹوڈیو کے سیٹ پر اپنے چھوٹے بھائی کی دیکھ بھال کے لیے گئی تھیں۔
بلاک بسٹر گانے کی ’میجکل جرنی‘ ویڈیو میں پروٖڈیوسر ذوالفقار خان نے بتایا ’صبا ریہرسل کے لیے سٹوڈیو میں موجود تھیں اور اپنے چھوٹے بھائی کو گود میں پکڑے لوری سنا رہی تھیں جو کچھ یوں تھی ’او کیوٹی تینوں میں سمجھا رئی آں، چھڈ دے تو فنکاریاں۔‘
زلفی نے بتایا ’میں یہ سن کر حیران رہ گیا اور صبا کو گانے میں یہی الفاظ گانے پر آمادہ کیا‘۔
صبا نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کو لوری سنا رہی تھیں، جب زلفی سر نے سنا تو انہوں نے کہا کیا آپ یہی الفاظ ہمارے لیے گا سکتی ہیں؟
صبا نے کہا ’میں گانا جاری رکھنا چاہتی ہوں، میں ہمیشہ یہی چاہتی تھی، گڑوی محلے کے سارے بچے بھی یہی چاہتے ہیں۔‘
دوسری جانب روحا اس گانے کے بعد ملنے والی محبت پر شائقین کا شکریہ ادا کرتی نظر آئیں اور عرب نیوز کو بتایا کہ جلد ہی ان کا گروپ نامور کلاسیکل موسیقار استاد طافو کے لیے ایک پنجابی گانا گائے گا۔
گڑوی محلے سے آیا یہ گروپ راتوں رات مشہور تو ہوا ہی ہے، لیکن اس ایک گانے نے ساجدہ، روحا اور عابدہ کے مستقبل میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کردی ہیں۔