Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورو کپ: سپین اور انگلینڈ شہزادہ ولیم اور بادشاہ فلپ کی موجودگی میں فائنل کھیلیں گے

انگلینڈ نے ہوم گراؤنڈ پر 1966 کے ورلڈ کپ  کے بعد کوئی بڑا ٹائٹل نہیں جیتا۔ فوٹو: انسٹاگرام
سپین اور انگلینڈ کی قومی فٹبال ٹیمیں اتوار کو یورپی چیمپیئن شپ کے فائنل میں برلن میں مدمقابل ہوں گی۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فائنل میچ میں تماشائیوں کی نظریں سپین کے نوعمر کھلاڑی لامین یامل ’ونڈر کِڈ‘ پر ہوں گی۔
یورو کپ کا فائنل جرمنی کے شہر برلن کے 71 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے سب سے بڑے اولمپیا سٹیڈیئن سٹیڈیم میں اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات 9.00 بجے کھیلا جائے گا۔
سٹیڈیم میں میچ دیکھنے والوں میں انگلینڈ کے شہزادہ ولیم، سپین کے بادشاہ فلپ، ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز، جرمن صدر فرینک والٹر سٹین میئر اور برطانیہ کے نئے وزیراعظم کیئر سٹارمر کی شرکت متوقع ہے۔
اس سے قبل سپین اور جرمنی/مغربی جرمنی تین، تین بار یورو کپ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ سپین سنہ 2012 میں تیسری بار ٹرافی اٹھانے کے بعد ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ جیتنے کے لیے پرامید ہے۔
سپین کی ٹیم کے نئے سپر سٹار ونگر کم عمر لامین یامل ہیں جو گذشتہ روز سنیچر کو 17 سال کے ہوئے ہیں۔ لامین یامل نے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف شاندار گول کر کے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا تھا۔

سپین ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ جیتنے کے لیے پرامید ہے۔ فائل: فوٹو اے پی

انگلینڈ جو فٹ بال کی جائے پیدائش ہونے کا دعویدار ہے، مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچا ہے۔ انگلینڈ نے ہوم گراؤنڈ پر 1966 کے ورلڈ کپ  کے بعد کوئی بڑا ٹائٹل نہیں جیتا۔
انگلینڈ کی ٹیم  تین سال قبل یورو کپ فائنل میں اٹلی کے ہاتھوں پینلٹی شوٹ آؤٹ میں ہار گئی تھی۔
برلن کا سٹیڈیم اولمپیا سٹیڈین سنہ 1936 کے اولمپک گیمز کے لیے بنایا گیا تھا جس میں 71 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ سٹیڈیم 2006 کے ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس سٹیڈیم میں میچ کے دوران فرانس کے کپتان زین الدین زیدان کا مخالف کھلاڑی کو ٹکر مارنے کا واقعہ رونما ہوا تھا۔

لامین یامل نے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف شاندار گول کیا تھا۔ فائل فوٹو: روئٹرز

یورو کپ 2024 میں سپین نے اپنے تمام چھ میچز جیتے ہیں اور اسے یورو 2024 کی بہترین ٹیم سمجھا جاتا ہے۔ سپین نے ناک آؤٹ مرحلے میں جرمنی اور فرانس کو شکست دی ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ نے گروپ مرحلے میں غیر متاثر کن کارکردگی دکھائی جس میں ایک میچ جیتا اور دو میں برابر رہا تاہم ناک آؤٹ مرحلے کے میچز جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کر سکا ہے۔

شیئر: