Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گزشتہ سال دو لاکھ سعودیوں نے تھائی لینڈ کا سفر کیا

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح نے کہا ہے  کہ مملکت اور تھائی لینڈ کے تعلقات میں مسلسل پیشرفت ہورہی ہے۔ 2022 میں دونوں ملکوں کا تجارتی حجم 7.5 ارب ڈالر کا تھا جو 2023 میں بڑھ کر 9 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
اخبار 24 کے مطابق انجینیئر خالد الفالح نے کہا کہ ٹریول اور ٹورازم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال 2 لاکھ سعودیوں نے تھائی لینڈ کا سفر کیا جبکہ 30 ہزار تھائی شہری مملکت پہنچے۔


گزشتہ سال 30 ہزار تھائی باشندوں نے مملکت کا سفر کیا۔ (فوٹو ایس پی اے)

سعودی وزارت سرمایہ کاری نے تھائی انویسٹمنٹ بورڈ اور مملکت میں تھائی سفارتخانے کے تعاون سے اتوار کو ریاض میں سعودی تھائی انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد کیا۔
 وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح اور تھائی وزیر خارجہ، دونوں ملکوں کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
 ریاض میں تھائی لینڈ بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کا دفتر قائم کیا گیا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط اور تجارتی تبادلے کو وسعت دی جاسکے۔
 فورم  کے موقع پر مختلف شعبوں میں 11 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ جن میں زراعت، خوراک، سیاحت، انفراسٹریکچر اور توانائی میں تجارتی تعاون ، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کا فروغ شامل ہے۔


فورم موقع پر 11مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ (فوٹو ایس پی اے)

تھائی وزیر خارجہ کا یہ دورہ سعودی ولی عہد اور تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم کے درمیان تاریخی معاہدے کے ڈھائی سال بعد ہورہا ہے جس سے تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔
واضح رہے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں مملکت میں تھائی سرمایہ کاری کی کل مالیت کا 56.7 فیصد ہے۔   کانکنی اور معدنیات کے شعبے میں 2022 کے دوران مملکت میں تھائی سرمایہ کاری کی شرح 73.4 فیصد رہی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: