’دبئی مال‘ میں چھ ماہ کے دوران 57 ملین وزیٹرز کی آمد
پچھلے سال شاپنگ سینٹر میں ریکارڈ 105 ملین وزیٹرز آئے تھے (فوٹو الامارات الیوم)
امارات کے ’دبئی مال‘ نے 2024 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران 57 ملین وزیٹر ریکارڈ کیے جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 52 ملین وزیٹرز کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔ مال نے 2023 میں دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقام کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ اس سال بھی اس کی پوزیشن مستحکم ہوئی۔
الامارات الیوم کے مطابق تازہ ترین اعداد وشمار سے پتہ چلتا ہے کہ دبئی مال نے 2024 کے ابتدائی چھ ماہ میں ریٹیل فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا جو گزشتہ برس اسی مدت کے مقابلے میں 8 سے 15 فیصد زیادہ ہے۔
دبئی مال بنانے والی کمپنی اعمار کے بانی محمد العبارکا کہنا کہ ’دبئی مال ریٹیل اور تفریح کے شعبوں میں نئے معیار قائم کر رہا ہے۔ ہم مال کے ہر پہلو کو بہتر بنانے کےلیے پرعزم ہیں تاکہ ایک اہم عالمی منزل کے طور پر اپنی پوزیشن کو مسلسل مستحکم کیا جا سکے۔ یہ ترقی ہماری ٹیم ار شراکت داروں کی سخت محنت اور لگن کی عکاسی کرتی ہے۔‘
گزشتہ سال اس وسیع وعریض شاپنگ سینٹر میں ریکارڈ 105 ملین وزیٹرز آئے تھے جو اس سے پہلے کے سال کے 88 ملین وزیٹرز کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔
دبئی مال جس کا افتتاح 2008 میں ہوا تھا دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال ہے جس کا رقبہ 1.2 ملین مربع میٹر ہے اس کے پاس ایک ہزار 200 سے زیادہ شاپس اور دو ہزار سے زیادہ انٹرنیشنل فوڈ چینز شامل ہیں۔
علاوہ ازیں اعمار پراپرٹیز نے دبئی مال کی 408 ملین ڈالر مالیت سے توسیع کا اعلان کیا ہے جس سے یہاں آنے والوں کے لیے اس کی کشش مزید بڑھے گی۔
اس توسیع میں 240 نئے لگژری ریٹیل اور ڈائننگ آؤٹ لیٹس شامل ہیں۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں