آپریشن اینڈ مینٹیننس سیکٹر: 174 ہزار سے زیادہ سعودی شہریوں کو ملازمتیں ملیں
سعودی عرب میں آپریشن اینڈ مینٹیننس سیکٹر میں لوکلائزیشن کے اقدام نے سعودی وژن 2030 کے تحت اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
عکاظ کے مطابق مملکت میں آپریشن اور مینٹیننس سیکٹر میں لوکلائزیشن کو بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کے نتیجے میں جولائی 2024 تک اس شعبے میں ملازمت کرنے والے سعودی شہریوں کی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار 600 سے تجاوز کر گئی جبکہ اس ماہ تک 5570 سے زیادہ سعودی شہریوں کو اس شعبے میں اہل بنایا گیا اور تربیت دی گئی۔
سعودی وزارت افرادی قوت نے یکم جون 2024 کو قوی پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری اداروں میں آپریشن اور مینٹیننس سے متعلق معاہدوں کی آن لائن منظوری کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا۔ تیسرا مرحلہ یکم دسمبر 2024 کو شروع ہو گا جس میں تمام سائز کے ادارے شامل ہوں گے۔
اس فیصلے کا مقصد عوامی اداروں میں آپریشن اور دیکھ بھال کے معاہدوں کی لوکلائزیشن کی نگرانی اور ان معاہدوں کے ذریعے لوکلائزیشن کی شرح کو بڑھانا ہے۔ مملکت کی لیبر مارکیٹ میں سعودی مرد و خواتین کو روزگار کے مزید مواقع فراہم ہوں گے۔
اس فیصلے کا اطلاق سرکاری اداروں، وزارتوں اور محکموں سے کنٹریکٹ لینے والے تمام اداروں پر ہو گا جن میں51 فیصد حصص حکومت کی ملکیت ہیں۔ اس میں آپریشن، مینٹیننس، شہر کی صفائی، سڑکوں کی مینٹیننس اور آئی ٹی سمیت معاہدے شامل ہیں۔
ایسے معاہدے کرنے والے اداروں کو ’قوی‘ پلیٹ فارم کی لوکلائزیشن سروس پر ان معاہدوں کا ڈیٹا بھی اپ لوڈ کرنا ہو گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں