Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر بن کر پہلے دن ہی غیرقانونی تارکین پر سرحدیں بند کر دوں گا: ٹرمپ

سابق صدر نے ریپبلکن نیشنل کنونشن سے خطاب میں وائٹ ہاؤس کی موجودہ خارجہ پالیسی پر تنقید کی۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی الیکشن میں اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ منتخب ہونے کے بعد پہلے دن ملکی سرحدیں غیرقانونی تارکین وطن کے لیے بند کر دیں گے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کی شب اپنی پارٹی کے قومی کنونشن سے خطاب میں ٹرمپ نے کئی ملکی اور بین الاقوامی مسائل پر اظہارِ خیال کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ تیل کی پیداوار کو بڑھائیں گے اور سرحدیں بند کر دیں گے۔
’صدر بننے کے پہلے دن دو کام کروں گا، ایک تیل کی پیداوار بڑھانا اور دوسرا اپنی سرحدیں بند کرنا۔‘
وسکونسن ریاست کے شہر ملووکی میں پارٹی کے کنونشن کے دوران باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر بھی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سر نہ ہلایا ہوتا تو موت یقینی تھی۔ 
ڈرامائی انداز میں خود پر ہونے والی فائرنگ کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ’صرف خدا کے فضل سے‘ بچ گئے۔
’میں نے ایک زوردار سرسراہٹ سنی اور محسوس کیا کہ واقعی، میرے دائیں کان پر کچھ زور سے لگا ہے۔ میں نے اپنے آپ سے کہا، 'اوہ، یہ کیا تھا؟ یہ صرف گولی ہو سکتی ہے۔‘
سابق صدر نے حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آج رات یہاں نہ ہوتا۔‘
سابق صدر نے ریپبلکن نیشنل کنونشن سے خطاب میں وائٹ ہاؤس کی موجودہ خارجہ پالیسی پر تنقید کی۔
انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں روس اور شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کورین لیڈر کم جون انگ کے بارے میں کہا کہ ’وہ مجھے یاد کرتے ہیں۔‘

شیئر: