سی ٹی ڈی کا دہشتگردوں سے مقابلہ، کراچی پولیس آفس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک
کراچی کے علاقے ناردرن باٸی پاس پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں کراچی پولیس آفس پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بدھ کو سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ’کراچی میں ناردرن بائی پاس پر موچکو کے علاقے میں مقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشتگرد مارا گیا۔‘
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ’ہلاک دہشتگرد عمر فاروق کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا جو کراچی پولیس آفس حملے کا ماسٹر ماٸنڈ تھا۔‘
دہشتگرد عباس ٹاؤن حملے کا ماسٹر ماٸنڈ تھا اور قتل اقدام قتل سمیت دیگر مقدمات میں جیل جا چکا تھا جس کے بعد مقدمات سے بری ہو کر وہ افغانستان چلا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال کراچی پولیس آفس میں دہشت گردوں کے حملے میں رینجرز اور پولیس اہلکار سمیت چار افراد ہلاک جبکہ 19 زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کی جانب سے تین حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے واٹس ایپ پیغام کے ذریعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
کراچی پولیس آفس شہر کی مرکزی سڑک شارع فیصل سے متصل ہے۔ صدر پولیس تھانے کے عقب میں واقع کراچی پولیس آفس میں کراچی پولیس کے چیف جاوید عالم اوڈھو بیٹھتے ہیں اور شہر میں سکیورٹی کا نظام اسی عمارت میں قائم مانیٹرنگ سیل سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
کراچی پولیس آفس کے اطراف میں پولیس لائنز بھی موجود ہے جبکہ متعدد حساس اداروں کے دفاتر بھی اس مقام سے چند قدم کے فاصلے پر ہی ہیں۔