محمد شامی پر 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں میچ فکسنگ کے الزمات عائد ہوئے (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کے دوست اُمیش کمار نے ان کے زندگی کے کھٹن دنوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات سے تنگ آ کر محمد شامی ایک روز اپنی جان لینے والے تھے۔
انڈیا ٹوڈے میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق اُمیش کمار نے محمد شامی کی ذاتی زندگی اور کیرئر کے تلخ دنوں کے متعلق تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی سنگینی نے شامی کو خودکشی کی طرف مائل کر دیا تھا۔
سنہ 2018 میں محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے مبینہ طور پر کھلاڑی پر گھریلو تشدد کے الزامات لگا کر خلع (علیحدگی) کا مطالبہ کیا تھا تاہم کھلاڑی کی جانب سے ان تمام الزامات کی تردید کی گئی تھی۔
محمد شامی نے اہلیہ کے الزامات کے متعلق کہا تھا کہ یہ الزامات ان کی شہرت خراب کرنے سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔
اس کے بعد 33 سالہ محمد شامی ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں ایک اور تنازع کا شکار اس وقت بنے جب پاکستان کے خلاف میچ میں وہ اچھی کارگردگی نہ دکھا سکے تھے۔
پاکستان کے خلاف خراب پرفارمنس کی وجہ سے محمد شامی پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے اور سوشل میڈیا پر بھی انہیں ان کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
محمد شامی کے دوست اور اتھرا کھنڈ قانون ساز اسمبلی کے رکن اُمیش کمار نے حال ہی میں ’شبان شنکر مشرا‘ کی پوڈکاسٹ میں بتایا ہے کہ محمد شامی خود پر لگنے والے الزامات کی وجہ سے سخت ذہنی پریشانی کا شکار تھے۔
اُمیش کمار کا بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’شامی اس دور میں مختلف مسائل کا مقابلہ کر رہا تھا، وہ ان دنوں میرے ساتھ میرے گھر میں رہا کرتا تھا لیکن جس دن پاکستان کے ساتھ میچ فکسنگ کے الزمات سامنے آئے تو اس دن شامی سخت پریشان ہوا۔‘
اُمیش کمار نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے مزید کہا کہ ’ شامی نے اس روز کہا کہ میں سب کچھ برداشت کر سکتا ہوں لیکن اپنے ملک کے ساتھ غداری کے الزامات ہرگز برداشت نہیں کر سکتا۔‘
محمد شامی کی خودکشی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے امیش کمار نے اس واقعے کا ذکر کیا جب محمد شامی نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے ایک روز محمد شامی کو تناؤ کی کییفیت میں بالکونی پر کھڑا پایا۔‘
امیش کمار کہتے ہیں کہ ’یہ صبح کے چار بج رہے تھے جب میں پانی پینے کی غرض سے جاگا، میں کچن کی طرف جا رہا تھا کہ دیکھتا ہوں کہ شامی بالکونی پر کھڑا ہے۔ یہ 19ویں منزل تھی جس میں ہم رہائش پزیر تھے۔‘
امیش کہتے ہیں کہ ’میں سمجھ سکتا ہوں کہ یہ اس کے کرئیر کی شائد سب سے لمبی رات تھی۔ بعدازاں ایک روز جب ہم جب بیٹھے گپ شپ کر رہے تھے تو شامی کو ایک میسج موصول ہوا جس میں اسے آگاہ کیا گیا تھا کہ تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اسے کلین چٹ دے دی ہے۔‘
’وہ یہ خبر سننے کے بعد اس قدر خوش تھا کہ جیسے شامی نے ورلڈ کپ جیت لیا ہو۔‘
محمد شامی کو پاکستان کے ساتھ انڈیا کے میچ میں عائد ہونے والے فکسنگ کے تمام الزامات سے بری کر دیا گیا تھا اور اس وقت کے انڈین ٹیم کے کیپٹن وراٹ کوہلی بھی کرکٹر کی حمایت میں سامنے آئے تھے۔
اس واقعے کے بعد محمد شامی نے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں ریکارڈ ساز کارکردگی کے ساتھ اپنے مداحوں کی محبت واپس سمیٹ لی تھی۔