Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد شامی کی تباہ کن بولنگ پر ممبئی اور دہلی کی پولیس ایکس پر آمنے سامنے

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اب تک اس میگا ایونٹ میں 23 وکٹیں حاصل کر لی ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں جہاں انڈین بلے بازوں نے بیٹنگ کے خوب جوہر دکھائے وہیں فاسٹ بولر محمد شامی نے تاریخی بولنگ کرتے ہوئے 9.5 اوورز میں 57 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد شامی کی اس ناقابلِ شکست بولنگ پر انہیں پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اب تک اس میگا ایونٹ میں 23 وکٹیں حاصل کر لی ہیں جبکہ تمام ون ڈے ورلڈ کپس میں اُن کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 54 ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں تباہ کن بولنگ پر جہاں کرکٹ حلقوں، میڈیا اور سوشل میڈیا پر انہیں بھرپور داد دی جا رہی ہے وہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر دہلی پولیس اور ممبئی پولیس کے درمیان بھی محمد شامی کے حوالے سے مزیدار گفتگو دیکھنے کو مل رہی ہے۔
دہلی پولیس نے اپنی ٹویٹ میں دلچسپ انداز میں ممبئی پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ممبئی پولیس، امید ہے آپ آج رات کے تشدد کے باعث محمد شامی کو گرفتار نہیں کریں گے۔‘
 
اس کے جواب میں ممبئی پولیس نے بھی دلچسپ انداز میں لکھا کہ ’آپ نے لاتعداد دل چرانے کے جرم میں مقدمہ درج نہیں کروایا دہلی پولیس۔‘
ممبئی پولیس نے مزید لکھا کہ ’عزیز شہریوں، دونوں دیپارٹمنٹ انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) سے بخوبی واقف ہیں اور شاندار حسِ مزاح کو سمجھنے کے لیے آپ پر اعتماد کرتے ہیں۔‘
 
خیال رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں انڈیا اور جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: