انسانی حقوق کی خلاف ورزی بروقت رپورٹ کرنے کے لیے ’آواز‘ ایپ کا افتتاح
جمعرات 25 جولائی 2024 11:47
وزارت قانون نے بتایا کہ ایپ کا بنیادی مقصد متاثرین کی محفوظ بازیابی کو یقینی بنانا ہے۔ فوٹو: شٹرسٹاک
وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے ’آواز‘ ایپ کا افتتاح کر دیا ہے۔
جمعرات کو وزارت قانون سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آواز ایپ ایک جدید موبائل ایپلی کیشن ہے جس کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مؤثر طریقے سے رپورٹ اور حل کرنا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں اس ایپ کو ملک میں انفرادی تحفظ اور فلاح و بہبود کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایپ صارفین کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رپورٹ کرنے میں مدد فراہم کرے گی، جس میں گمشدہ یا اغوا شدہ بچوں کے کیسز شامل ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ رپورٹس فوری طور پر متعلقہ حکام کو مناسب کارروائی کرنے کے لیے بھیجی جائیں گی۔ ’رپورٹ موصول ہونے پر ایپ ایک الرٹ سسٹم کو فعال کرتی ہے جو قانون نافذ کرنے والے محکموں، حکومتی دفاتر اور کمیونٹی تنظیموں کے درمیان مربوط ردعمل کو متحرک کرتا ہے۔‘
وزارت قانون کے بیان کے مطابق رپورٹ کیے گئے واقعات کے بارے میں اہم معلومات مختلف چینلز کے ذریعے پھیلائی جاتی ہیں جن میں سوشل میڈیا، واٹس ایپ گروپس، نیوز آؤٹ لیٹس اور عوامی اعلانات شامل ہیں۔ ’قانون نافذ کرنے والے ادارے گمشدہ یا اغوا شدہ افراد کو جلدی سے تلاش کرنے اور تحقیقات شروع کرنے کے لیے متحرک کیے جاتے ہیں۔‘
وزارت نے بتایا کہ ایپ کا بنیادی مقصد متاثرین کی محفوظ بازیابی کو یقینی بنانا ہے، جس کے بعد انہیں جامع مدد فراہم کی جاتی ہے، جس میں مشاورت، قانونی امداد اور طبی معاونت شامل ہے۔
افتتاحی تقریب میں اعظم نذیر تارڑ نے انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کے لیے محفوظ اور مزید ذمہ دارانہ ماحول کے فروغ میں ایپ کے کردار کو اجاگر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم آواز ایپ کو متعارف کرانے پر فخر محسوس کر رہے ہیں جو ہمارے ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور انصاف کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا مظہر ہے۔‘