غریبوں کا چالان نہ کریں، گاڑی کی قیمت اور ماڈل کے حساب سے نظام لائیں: وزیراعلٰی کےپی
ہفتہ 27 جولائی 2024 10:19
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا کہ گاڑی کی قیمت اور ماڈل کے حساب سے چالان کا نظام لائیں۔ (فوٹو: ٹریفک پولیس پشاور)
خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے ٹریفک پولیس سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مسائل زیادہ ہونے کی وجہ سے غریب لوگوں کو چالان نہ کیا کریں۔
سنیچر کو مردان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ ٹریفک پولیس سے کہتے ہیں کہ گاڑی کی قیمت اور ماڈل کے حساب سے چالان کا نظام لائیں۔
’غریب لوگوں کا چالان مت کیا کریں ان پیسوں سے وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ مجھے خوشی ہو گی کہ آپ کسی بڑی گاڑی والے کا چالان کریں۔ اس کا چالان بھی بڑھا دیں۔‘
انہوں نے آئی جی خیبر پختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی جی صاحب جتنا چالان بڑھانا ہے، بڑھا دیں۔‘
’جو زیادہ مہنگی گاڑی رکھتا ہے، اونچا ماڈل رکھتا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے، ان کو چالان کریں تاکہ غریب کو چالان کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔‘
وزیر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ’آئین اور قوانین کی پاسداری سب کا فرض ہے۔ اس لیے سب قوانین کا احترام کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’امن و امان ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ معاشی حالات جیسے بھی ہوں امن و امان کے حوالے سے محکمہ پولیس کی ضروریات پوری کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ شہدا پیکج کے معاملات طے پا چکے ہیں جو جلد اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے۔
’پولیس سے لوگ بڑی امید رکھتے ہیں اور ہمارا کلچر ہے کہ پیار سے مانگو تو ہم جان بھی دینے کو تیار ہو جاتے ہیں اور اگر دل پر آ جائے تو ٹھیک چیز بھی ماننے سے انکار کر دیتے ہیں۔ اچھا رویہ اور اچھا برتاؤ رکھیں۔‘
ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں بہت سارے پروجیکٹ ہماری حکومت میں شروع ہوئے اور دسمبر کے آخر میں مختلف محکموں کے 600 منصوبے مکمل کرنے جا رہے ہیں۔