Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی طور پر معیشت بہتر ہونے کے باوجود مطلوبہ سطح سے کم ہے: سعودی وزیر خزانہ

شرکاء نے عالمی قرضوں سمیت مالیاتی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ الجدعان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر معیشت میں نمایاں بہتری آنے کے  باوجود گراف مطلوبہ سطح سے کم ہے۔ معیشت کی بہتری اورعالمی چیلنجز سے نمنٹے کے لیے ضروری ہے کہ کثیر الجہتی تعاون کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا جائے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزیر خزانہ الجدعان  برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں منعقد ہونے والے جی 20 کے وزراء خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کے تیسرے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں انکے ہمراہ سعودی عرب کے مرکزی بینک کے گورنر ایمن بن محمد السیاری بھی موجود تھے۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی ٹیکس تعاون کے ایجنڈے کی حمایت کےلیے مملکت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی جانب توجہ مبذول کرائی ۔ انہوں نے موسمیاتی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ہونے والے سیشن میں واضح کیا کہ اس حوالے سے پائیدار سرمایہ کاری کے لیے مربوط و منظم کارروائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے ترقی پذیر ممالک کو بنیادی ترجیجات کے مطابق اپنی پالیسیز مرتب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں مدنظر رکھتے ہوئے بہتر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
اجلاس کے آخر میں سیشن کے شرکاء نے سرمائے کی فراہمی ، عالمی قرضوں اور کثیر الجہتی ترقیاتی بینکوں کی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
الجدعان نے کم آمدنی والے ممالک میں قرضوں سے خلاصی کی اہمیت کو اجاگر کیا جس کی وجہ سے ان ممالک کو پریشانی کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔
اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خزانہ الجدعان نے جی 20 وزراء کے ساتھ ملاقاتیں کیں جن میں انہوں نے بین لاقوامی مالیاتی امور کے حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شیئر: