Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس اولمپکس میں انڈیا کا پہلا میڈل: شوٹر منو بھاکر نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

منو بھاکر مقابلے میں شریک 45 ایتھلیٹس میں سے تیسرے نمبر پر رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپکس کے عالمی مقابلوں میں انڈیا کی شوٹر منو بھاکر نے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لی۔
ویب سائٹ دی ہندو کے مطابق منو بھاکر نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
منو بھاکر کا ایئر پسٹل ایونٹ میں تمغہ جیتنا پیرس اولمپکس میں انڈیا کی پہلی کامیابی ہے۔
سنیچر کو منو بھاکر نے 580 پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
منو بھاکر مقابلے میں شریک 45 ایتھلیٹس میں سے تیسرے نمبر پر رہیں۔
22 برس کی شوٹر اولمپکس کی تاریخ میں ویمنز شوٹنگ مقابلے میں تمغہ جیتنے والی پہلی انڈین خاتون بھی بن گئی ہیں۔
واضح رہے کہ خواتین کے 10 میٹر شوٹنگ مقابلے میں جنوبی کوریا کی وائی جے اوہ سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں جبکہ اُن کی ہم وطن وائی جے کِم نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اس تاریخی کامیابی پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر منو بھاکر کو مبارک باد دی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ کامیابی مزید اس وجہ سے خاص بن رہی ہے کیونکہ انڈیا کے لیے شوٹنگ کے مقابلے میں تمغہ جیتنے والی وہ (منو بھاکر) پہلی خاتون ہیں۔‘
 

دوسری جانب اولمپکس کی تاریخ میں مجموعی طور پر انڈیا کا یہ پانچواں شوٹنگ میڈل ہے۔
اس سے قبل راجیاوردھن سنگھ راٹھور نے 2004 میں منعقد ہونے والے ایتھنز اولمپکس میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
اسی طرح 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں بِندرا نے سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ گگن نارنگ نے لندن اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
انڈیا کے لیے وجے کمار بھی لندن اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔

شیئر: