پیرس اولمپکس کی تقریب میں اطالوی ایتھلیٹ نے شادی کی انگوٹھی دریا میں گما دی
اتوار 28 جولائی 2024 12:32
جیان مارکو تمبیری پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں اپنے ملک کے دستے کے پرچم بردار تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس میں جاری اولمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں اٹلی کے ایتھلیٹ جیان مارکو تمبیری اس وقت ایک حیرت انگیز وجہ کے باعث دنیا بھر کی سرخیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
جیان مارکو تمبیری پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں اپنے ملک کے دستے کے پرچم بردار تھے تاہم دریائے سین میں ہونے والی ایتھلیٹ پریڈ کے دوران وہ اپنی شادی کی انگوٹھی گما بیٹھے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق جیان مارکو تمبیری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ اور مداحوں کو اس افسوس ناک واقعے کی خبر دی۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’بہت زیادہ پانی تھا اور گزشتہ کچھ مہینوں میں کئی کلو وزن میرا کم ہوا اور شاید ہم بہت زیادہ جوش و خروش میں تھے جب مجھے محسوس ہوا کہ میری انگوٹھی گر گئی ہے۔‘
ایتھلیٹ نے مزید لکھا کہ ’میں نے انگوٹھی کو گرتے ہوئے دیکھا، میں اسے دیکھتا رہا یہاں تک کہ وہ کشتی کے اندر اچھلی۔‘
تمبیری مزید لکھتے ہیں کہ ’اگر اس انگوٹھی نے گم ہی ہونا تھا تو اس سے زیادہ اسے کوئی اچھی جگہ نہیں مل سکتی تھی۔ یہ محبت کے شہر کے دریا میں ہمیشہ پڑی رہے گی۔‘
انہوں نے اپنی اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ چاہتی ہیں تو ہم آپ کی انگوٹھی بھی دریا میں پھینک دیں گے تاکہ دونوں انگوٹھیاں اکٹھی رہیں اور ہمارے پاس ایک مزید بہانہ ہو گا کہ ہم دوبارہ سے ایک دوسرے کو قبول کریں اور دوبارہ شادی کریں۔‘
اس پوسٹ پر جیان مارکو تمبیری کی اہلیہ کیارا بونٹیمپی نے تبصرہ کیا کہ ’صرف آپ ہی ایسے حادثے کو رومانوی انداز میں تبدیل کر سکتے ہیں۔‘