بیعہ کونسل کے34میں سے 31ارکان نے ولی عہد کے تقرر کے حق میں ووٹ دیا
ریاض: شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کرنے کے لئے بیعہ کونسل نے بھاری اکثریت سے فیصلے کے حق میں ووٹ دیا۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بیعہ کونسل کے قیام سے لے کر اب تک پہلی مرتبہ کسی فیصلے کے حق میں اتنی اکثریت نے ووٹ دیا ہے۔ بیعہ کونسل کے 34ارکان میں سے 31نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کرنے کے فیصلے کو شہزادہ بن نایف کی تائید بھی حاصل رہی۔ سابق ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف نے شاہ سلمان کے نام مکتوب روانہ کرکے فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔بعد ازاں قصر الصفا جاکر خود بھی نئے ولی عہد کی بیعت کی ۔ شاہی فرمان جاری کرکے شاہ سلمان نے آل سعود خاندان کی نئی نسل کو صف اول کی قیادت میں لانے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ فیصلہ شاہ سلمان جیسے قد آور شخصیت کا خاصہ ہی ہوسکتا ہے جو گزشتہ50سال شاہی خاندان کے نہ صرف قائد رہے ہیں بلکہ ان کے ذاتی مسائل کے نگرانی بھی کرتے رہے ہیں۔ تازہ شاہی فرامین اور اسے قبل جاری ہونے والے شاہی فرامین کا جائزہ لینے سے اندازہ ہوتاہے کہ خادم حرمین شریفین شریفین نے نہ صرف شاہی خاندان کے نوجوانوں کو کلیدی مناصب سونپ رہے ہیں بلکہ شاہی خاندان سے باہر بھی اہل نوجوانوں کو اہم مناصب دے رہے ہیں۔ اس طرح ملک کی قیادت میں نیا خون شامل کیا جارہاہے۔