Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپکس میں دو میڈل جیتنے والی منو بھاکر کی برانڈ فیس اب کروڑوں میں

منو بھاکر ایک ہی اولمپکس ایونٹ میں دو کانسی کے تمغے جینے والی پہلی انڈین ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس اولمپکس 2024 میں حصہ لینے والی انڈین شوٹر منو بھاکر دو کانسی کے تمغے جیتنے کے بعد کافی مقبول ہو گئی ہیں۔
منو بھاکر نے اولمپکس کے 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی اور مکسڈ ٹیم ایونٹس میں دو کانسی کے تمغے جیتے جس کے بعد وہ کسی بھی اولمپکس میں ایسا کرنے والی پہلی انڈین ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی سپورٹس کے مطابق منو بھاکر کی مقبولیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 40 سے زائد برانڈز نے ان سے سپانسرشپس اور تشہیری مہم کے لیے رابطہ کیا ہے، جبکہ ان کی ایجنسی پہلے ہی کروڑوں کی ڈیلز سائن کر چکی ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق منو بھاکر اس سے قبل ہر برانڈ اینڈورسمنٹ کے لیے 20 سے 25 لاکھ روپے فیس لیتی تھیں لیکن اب ان کے چارجز چھ سے سات گنا بڑھ چکے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق منو بھاکر مبینہ طور پر پہلے ہی ایک برانڈ سے ایک اعشاریہ پانچ کروڑ کا معاہدہ کر چکی ہے۔
منو بھاکر کی مینجمنٹ کمپنی آئی او ایس سپورٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ کے سی ای او اور ایم ڈی نیرو تومر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ’گزشتہ دو سے تین دنوں میں ہمیں تقریباً 40 سے زائد ڈیلز ملی ہیں۔ تاحال ہم طویل مدتی ڈیلز پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں، اور  کچھ ڈیلز سائن بھی کی ہیں‘۔
نیرو تومر نے بتایا کہ ’منو کی برانڈ ویلیو یقیناً پانچ سے چھ گنا بڑھ گئی ہے۔ اس لیے جو کچھ بھی ہم پہلے کر رہے تھے وہ 20 اور 25 لاکھ روپے کے قریب تھا، اب ایک معاہدے کی قیمت تقریباً ایک اعشاریہ پانچ کروڑ انڈین روپے تک پہنچ چکی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’ایک ماہ سے لے کر تین ماہ تک قلیل مدت کی کافی آفرز ہیں لیکن ہم طویل مدتی ڈیلز پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔‘
’ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز میں ہمیں شوٹنگ میں بہت سارے تمغے ملے لیکن اولمپکس جیسے بڑے ایونٹ میں آپ کی کامیابیاں نمایاں ہوتی ہیں اور دو تمغے جیت لینا آپ کو سب سے آگے لا کھڑا کرتا ہے۔‘
سنہ 2020 کی ٹوکیو اولمپکس میں مایوسی کا سامنا کرنے کے بعد اب منو بھاکر بھی انڈین جیولِن تھروور نیرج چوپڑا کی طرح ایک قومی سپورٹس برانڈ بنتی دکھائی دے رہی ہیں۔
منو بھاکر اب دو اگست جمعے کو ہونے والے 25 میٹر ویمن شوٹنگ میں حصہ لیں گی جس میں پاکستان کی جانب سے کشمالہ طلعت بھی شرکت کریں گی۔

شیئر: