Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ کے دیہات میں سمر فیسٹیول کی ثقافتی تقریبات

سیاح یہاں تاریخی دیہات کی گلیوں میں یادگاری تصاویر بناتے ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے پرفضا علاقے الباحہ ریجن کے سراوت پہاڑوں پر پھیلے قدیم گاؤں ثقافت کو ابھارتے ہوئے رواں سال سمر فیسٹیول میں کئی تقریبات کی میزبانی کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق علاقے کی روایتی اور مقامی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا مشاہدہ کرنے کے لیے مملکت کے اندر اور باہر سے آنے والے زائرین کو یہ دیہات خوش آمدید کہتے ہیں۔
سمر فیسٹیول علاقائی لباس، خوراک، ثقافتی کھیل، فن تعمیر، فنون اور دستکاری کے ساتھ ساتھ تصویری نمائشوں میں خطے کی ثقافتی اور تاریخی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے۔
الباحہ ریجن کے معروف الاخاوین محل، الموسی ثقافتی گاؤں اور بلجرشی کا ہفتہ واری بازار کے علاوہ  علاقے میں قائم متعدد عجائب گھر سیاحت کے لیے مشہور مقامات ہیں۔
الاخواین محل سے الملاد ثقافتی گاؤں کا شاندار نظارہ ہوتا ہے جہاں علاقائی ورثے سے جڑے متعدد تاریخی دلکش مکانات موجود ہیں۔
الملاد گاؤں میں الاخواین میوزیم کے مالک محمد الغامدی نے نئی نسلوں کو قدیم لوک فنون سے جوڑنے کے لیے  یہاں تاریخی اور فنکارانہ پروگراموں کا اہتمام کیا ہے جو خطے کے ورثے اور ثقافت کو متعارف کراتے ہیں۔

الملاد گاؤں قدیم تہذیب کے 400 سال سے زیادہ پرانے گھروں پر مشتمل ہے۔ فوٹو واس

محمد الغامدی نے بتایا ہے کہ قدیم ملبوسات اور ہتھیاروں کی نمائش کے علاوہ گاؤں کے تاریخی پہلوؤں کو ابھارنے کے لیے نوجوانوں کو علاقائی رقص کا فن سکھایا جاتا ہے۔
الملاد گاؤں قدیم تہذیبی میراث اور ایک منفرد ورثہ ہے جو 400 سال سے زیادہ پرانے گھروں پر مشتمل ہے، یہاں پر اخوان( جڑواں) قلعہ بھی موجود ہے۔
الباحہ سمر فیسٹیول میں قریبی قریوں سے آنے والے خاندان روایتی اور معروف علاقائی پکوان کے ساتھ شرکت کرتے ہیں اسی وجہ سے یہ مقامی معیشت میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔

سمر فیسٹیول علاقائی لباس اور ثقافتی کھیل کے ساتھ خطے کی عکاسی کرتا ہے۔ فوٹو واس

مقامی و غیر ملکی زائرین یہاں کے لوک رقص اور تفریحی کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں اور علاقے میں موجود تاریخی دیہات کی گلیوں میں یادگاری تصاویر بناتے ہیں۔
 

شیئر: