Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برزخ‘ کا فیڈ بیک بالکل ویسا ہی ہے جیسی ہمیں اُمید تھی: صنم سعید

’برزخ‘ میں صنم سعید اور فواد خان 12 سال بعد ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستانی اداکارہ صنم سعید اور فواد خان کے ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ کو انڈیا میں بھی خاصی پذیرائی ملی تھی۔ اس ڈرامے کی مقبولیت کے بعد انڈیا میں صنم سعید اور فواد خان کی فین فالوؤنگ میں اضافہ ہو گیا تھا۔
اب ایک بار پھر’زندگی‘ چینل پر نشر ہونے والی ویب سیریز ’برزخ‘ میں صنم سعید اور فواد خان 12 سال بعد ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ 
ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو میں صنم سعید نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ انڈیا کے عوام ان کے طویل عرصے سے کھوئے ہوئے بہن بھائی ہیں تاہم انہیں ابھی تک ملک آکر کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔
مزید پڑھیں
’برزخ‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ’فیڈ بیک زبردست ہے۔ اور دلچسپ بات یہ کہ (فیڈ بیک) بالکل ویسا ہی ہے جیسی ہمیں اُمید تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بہت سی چیزیں اور عوامل ہیں جن کی وجہ سے لوگ متوجہ ہوئے۔ لوگ واقعی متجسس ہیں اور ایہ ایسی چیز ہے جس پر انہیں واقعی توجہ مرکوز کرنا ہو گی اور بہت توجہ سے دیکھنا ہو گا۔‘
صنم سعید کے بقول ’کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ بالکل سمجھ نہیں آ رہا۔ انہیں لگتا ہے کہ جب وہ ایک بار غور سے پورا شو دیکھیں گے تو انہیں ایک خلاصہ ملے گا۔‘
انڈیا میں مداحوں کی طرف سے اتنا پیار ملنے پر صنم سعید نے کہا کہ ’وہ میرے طویل عرصے کھوئے ہوئے بہن بھائیوں کی طرح ہیں۔ ہم صرف مختلف گھروں میں پلے بڑھے ہیں۔ بنیادی طور پر، ہم ایک ہی سرزمین کے ہیں، لیکن ہم صرف برسوں میں مختلف طریقے سے پروان چڑھے ہیں۔ طویل عرصے سے کھوئے ہوئے بہن بھائیوں کے ساتھ دوبارہ جُڑنا اچھا لگا۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’میں کام کرنے کے لیے کبھی انڈیا نہیں آئی اس لیے میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ مجھے اس کی کمی محسوس ہوئی کیونکہ میں نے اس کا تجربہ نہیں کیا۔ لیکن وقت کے ساتھ، چیزیں ہوتی رہیں گی۔‘

شیئر: