پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم آج پیرس اولمپکس 2024 کے ’مینز جیولین تھرو‘ مقابلے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لیں گے جس میں وہ گولڈ میڈل جیتنے کے لیے انڈین جیولِن تھروور نیرج چوپڑا کے مد مقابل ہوں گے۔
اولمپکس ویب سائٹ کے مطابق کوالیفکیشن راؤنڈ جمعرات کو ہونے والے جیولن تھرو فائنل کے لائن اپ کا فیصلہ کرے گا اور 84 میٹر تک جیولِن تھرو کرنے والے ایتھلیٹ ہی فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کر پائیں گے۔
’اگر 84 میٹر کا مارک حاصل کرنے والے ایتھلیٹس کی تعداد 12 سے کم ہوگی تو ٹاپ 12 رینکنگ میں آنے والے کھلاڑی فائنل میں شامل ہوں گے اور اگر 12 سے زائد کھلاڑی 84 میٹر مارک حاصل کرتے ہیں تو سبھی فائنل کھیلیں گے۔‘
مزید پڑھیں
نو بار بین الاقوامی تمغے اور چار بار گولڈ میڈلسٹ رہنے والے ارشد ندیم 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں پانچویں نمبر پر آئے تھے اور پیرس اولمپکس میں پاکستان کی تمام نگاہیں ان پر لگی ہوئی ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی سٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے گذشتہ سال ورلڈ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور 2022 میں کامن ویلتھ گیمز کی جیولِن تھرو میں 90.18 میٹر کی دوری کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار 1992 کی بارسلونا اولمپکس کے فیلڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
دوسری جانب انڈیا کے گولڈن بوائے نیرج چوپڑا پیرس 2024 اولمپکس میں کوالیفکیشن راؤنڈ سے ’مینز جیولن تھرو‘ ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کریں گے۔ نیرج چوپڑا نے 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
نیرج چوپڑا کا نہ صرف ارشد ندیم بلکہ چیکیا کے جیکب وڈلیجچ، گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز، کینیا کے جولیس یگو، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے کیشورن والکاٹ اور فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر سے بھی سخت مقابلہ متوقع ہے۔
جیولین تھرو مقابلوں کے گروپس پر نظر ڈالی جائے تو ارشد ندیم اور ان کے انڈین ہم عصر نیرج چوپڑا گروپ بی میں شامل ہیں۔ دونوں ایتھلیٹس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
گروپ بی کا مقابلہ آج پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجکر 50 منٹ پر ہوگا۔