Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مون سون کی بارشیں 14 اگست تک جاری رہیں گی، پنجاب میں سیلاب کی وارننگ

حکام کے مطابق ’بارشوں سے دریاؤں، ڈیموں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چھ ہفتوں کے دوران مون سون کی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں کم سے کم 154 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے۔گذشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کے حکام نے خبردار کیا تھا کہ مون سون کی موجودہ بارشوں سے کم سے کم دو لاکھ پاکستانی متاثر ہو سکتے ہیں۔
سنہ 2022 میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں پاکستان میں 1700 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ملکی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا تھا۔
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے حکام کا کہنا ہے کہ ’مون سون کی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 154 اموات پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہوئیں۔‘
حکام کے مطابق ’بارشوں سے دریاؤں، ڈیموں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔‘ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’مون سون کی بارشوں کا موجودہ سلسلہ 14 اگست تک جاری رہے گا۔‘
’مون سون کی بارشوں سے دریائے سندھ میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کی سطح آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔‘
این ڈی ایم اے کے حکام نے مزید بتایا کہ ’دریائے سندھ میں سیلاب کی صورت حال کے حوالے سے ایک الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔‘
’اس کے علاوہ دریائے چناب اور دریائے راوی سے متصل ندیوں میں بھی سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔‘
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے ’نالہ ایک‘ میں سیلابی صورت حال ہے اور علاقے کی مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے سربراہ عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ ’ممکنہ سیلاب کو دیکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ شہری بارشوں کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔‘

شیئر: