Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس اولمپکس میں قواعد کی خلاف ورزی پر انڈین ریسلر انتم پنگھال وطن واپس

انتم پنگھل نے بہن کو اپنا ایکریڈیشن کارڈ استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔ فوٹو: ریپبلک ورلڈ
انڈین ریسلر انتم پنگھال کو پیرس اولمپکس کے دوران قوائد کی خلاف ورزی پر انڈیا واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انڈین اکنامک ٹائمز کے مطابق فرانسیسی حکام نے شکایت کی تھی کہ انتم پنگھال نے اپنا اولمپک ویلج ایکریڈیشن کارڈ بہن کو استعمال کرنے کے لیے دیا ہے۔
انڈین اولمپکس ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے جاری بیان میں کہا کہ ’فرانسیسی حکام کی جانب سے ایسوسی ایشن کے نوٹس میں لائے جانے کے بعد انتم پنگھال اور ان کے سٹاف کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
بیس سالہ انتم پنگھال نے اولمپک ویلج میں داخلے کے لیے بہن کو اپنا ایکریڈیشن کارڈ استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔
ایسوسی ایشن نے بیان میں مزید کہا کہ ’انتم پنگھال نے اپنی بہن کو اپنا ایکریڈیشن کارڈ دیا تاکہ گیمز ویلج میں داخل ہونے میں ان کی مدد کر سکیں۔ فرانسیسی حکام نے آئی او اے کو شکایت کی تھی، لہٰذا انہیں اپنے سٹاف کے ہمراہ واپس بھیجا جا رہا ہے۔‘
اس سے قبل مقابلے میں انتم کو 53 کلوگرام کیٹیگری میں ترکی کی زینب یتگل سے شکست ہوئی تھی۔
انتم کی ماضی کی کامیابیوں اور ان کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈین ریسلر کی شکست سب کے لیے حیران کن ہے۔
انتم نے دس سال کی عمر میں ریسلنگ کے میدان میں قدم رکھا اور اپنی فیملی کی سپورٹ کے ساتھ وہ جلد ہی کامیابی کی منازل طے کرتی گئیں۔

پیرس اولمپکس میں انتم پنگھال کو ترکی کی زینپ یتگل سے شکست ہوئی۔ فوٹو: اے پی

گزشتہ سال انہوں نے ورلڈ چیمپیئن کے مقابلوں میں کانسی کا میڈل جیتا تھا جس کے نتیجے میں انہیں پیرس اولمپکس میں شامل ہونے کا موقع ملا۔
انڈیا کی ریسلنگ کمیونٹی کے لیے پہلے ہی ونیش پھوگاٹ کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا اعلان اور پیرس اولمپکس سے باہر ہونا ایک دھچکا تھا کہ اب انتم پنگھال کو بھی واپس بھیجا جا رہا ہے۔
پیرس اولمپکس کے دوران ریسلر ونیش پھوگاٹ نے گزشتہ روز 50 کلوگرام ریسلنگ کیٹیگری میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا لیکن زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے وہ نااہل ہو گئی تھیں۔
ونیش پھوگٹ کا وزن صرف 100 گرام زیادہ پایا گیا، اگرچہ معمولی فرق تھا لیکن قوانین کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا تھا۔
انڈین ریسلر نے نااہلی کے بعد ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈین کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بات کی جائے تو پیرس اولمپکس کے دوران اب تک تین کانسی کے میڈل جیت چکے ہیں جو شوٹنگ کے مقابلوں میں جیتے ہیں۔

شیئر: