Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امارات لووز پاکستان‘ یوم آزادی کی تقریب میں 10 ہزار افراد کی شرکت

تقریب میں پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، سفارت کاروں اور نمایاں شخصیات کے ہمراہ پاکستان کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ کی شاندار تقریب میں شرکت کی۔
وام کے مطابق دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ تقریب میں 10 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔ اس کا اہتمام  امارات کے سرکاری میڈیا دفتر نے ’امارات لووز پاکستان‘ پیج، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، دبئی پولیس اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے تعاون سے کیا تھا۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے امارات اور پاکستان کے گہرے تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے کے عزم پر زور دیا۔
انہوں نے کہا’ہمارے ثقافتی، سیاسی، تجارتی اور عوامی روابط مشترکہ اقدار اور عقائد میں گہری جڑیں رکھتے ہیں اور ہمارے قریبی تعلقات کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا’ ہمیں امارات میں علاقائی اور عالمی ترقی و خوشحالی کے حصول کے لیے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے‘۔
 تقریب میں پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا جس میں روایتی موسیقی اور رقص سمیت  پاکستانی دستکاری کی نمائش شامل تھی۔
 امارات کے سرکاری میڈیا آفس کی ڈپٹی چیئرپرسن عالیہ الحمادی نے کہا ’یہ جشن امارات اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے‘۔
انہوں نے بتایا’ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مختلف شعبوں میں پھیلا ہوا ہے۔ امارات بڑے منصوبوں کے نفاذ کے ذریعے پاکستان میں پائیدار ترقی کی حمایت کرنے کا خواہاں ہے‘۔
بعدازاں شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے لیے کئی پاکستانی شخصیات کو اعزاز سے نوازا۔
 معروف پاکستانی جن میں کوہ پیما نائلہ کیانی شامل تھیں جو 8 ہزار میٹر سے زیادہ بلند 14 میں سے 11 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ کرکٹ لیجنڈ شاہد آفریدی، اسکواش چیمپئن جہانگیر خان اور ہاکی سٹار شہباز احمد کو بھی ایوارڈ دیے گئے۔

شیئر: