Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے یوم آزادی کے موقع پر کن ممالک کے ٹکٹ پر رعایت دے رہی ہے؟

14 اگست تک خریدے گئے ٹکٹس پر 14 نومبر تک سفر کیا جاسکتا ہے (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ٹکٹ سستے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان سے کینیڈا اور اندرون ملک کے سفر کرنے والے صارفین کو 14 فیصد تک رعایت دی گئی ہے۔ 14 اگست تک بک کرائے گئے ٹکٹ پر 14 نومبر تک سفر کیا جاسکتا ہے۔  
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایئر لائن نے جشن آزادی پر ٹکٹ سستے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر لائن اپنے مسافروں کو مناسب قیمت پر بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
عبداللہ خان کے مطابق رعایتی ٹکٹ کی فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے، 14 اگست تک خریدے گئے ٹکٹس پر 14 نومبر تک سفر کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سہولت صرف کینیڈا کے شہر ٹورنٹو اور پاکستان میں اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر مقامات پر سفر کرنے والے مسافروں کو یہ سہولت نہیں دی گئی ہے۔
پی آئی اے پاکستان سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے لیے ایک ہفتے میں 5 پروازیں اپ اینڈ ڈاؤن میں آپریٹ کرتی ہیں۔
مالی مشکلات کی شکار قومی ایئر لائن ماضی میں بھی مختلف مواقع پر مسافروں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے اس طرح کی آفرز کرتی رہی ہے۔
حالیہ دنوں میں پی آئی اے کا یورپ سے آپریشن بند ہونے کی وجہ سے ایئر لائن کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان سے یورپ کی براہ راست پروازیں قومی ایئر لائن کے لیے منافع بخش روٹ تھا۔

ندیم شریف کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو اپنی کھوئی ساکھ کو بحال کرنے کی ضرورت ہے (فوٹو اے ایف پی)

پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کے حوالے سے دیے گئے ایک بیان کے بعد یورپ کی جانب سے پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز پر پابندی عائد کی گئی تھی جو اب تک برقرار ہے۔ چار سال سے مسلسل سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کی کوششوں کے باوجود اب تک پاکستانی ایئر لائنز پر پابندی برقرار ہے۔
پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما ندیم شریف کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو اپنی کھوئی ساکھ کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک وقت تھا جب پی آئی اے دنیا کی ایئر لائنز کے لیے ایک مثال ہوا کرتی تھی، اب قومی ایئر لائن کے جہاز لے کر آپریشن شروع کرنے والے پی آئی اے سے بہت آگے نکل گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر پی آئی اے نے ٹکٹ سستا کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ ایک مارکیٹنگ کی پالیسی ہے، اچھی بات ہے قومی ایئر لائن مسافروں کو اچھی سہولت فراہم کررہی ہے۔ لیکن اچھا ہوتا اگر پی آئی اے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک کے لیے بھی یہ آفر دیتی، کیونکہ پاکستان سے سب زیادہ مسافر انہی ممالک کے لیے سفر کرتے ہیں۔ بیرون ممالک کی ایئر لائنز ان ممالک میں سفر کرنے والے مسافروں کو اچھی آفرز دے کر اپنی طرف راغب کر رہی ہیں۔

شیئر: