Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کس کھیل کو شامل نہیں کیا جائے گا؟

بریک ڈانسنگ کا کھیل پہلی مرتبہ پیرس اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپکس مقابلوں کے بعد اب کھیلوں کے دلدادہ افراد کی نظریں 2028 کے لاس اینجیلس اولمپکس پر جم چکی ہیں۔
ویب سائٹ سپورٹس بائبل کے مطابق لاس اینجیلس 44 برس بعد 2028 میں 34ویں اولمپکس کی میزبانی کرے گا۔
لاس اینجیلس اولمپکس میں تمام روایتی کھیلوں کو شیڈول کیا جا چکا ہے جس میں جمناسٹک، سوئمنگ  اور دیگر فیلڈ ایونٹس بھی شامل ہیں۔
لاس اینجیلس اولمپکس میں جہاں تمام کھیلوں کے مقابلے ہوں گے وہیں ایک کھیل کو شامل نہیں جائے گا۔
2028 کے اولمپکس مقابلوں میں بریک ڈانسنگ کا کھیل شامل نہیں کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ پیرس اولمپکس کے شروع ہونے سے پہلے کیا گیا تھا۔
یہاں خیال رہے کہ بریک ڈانسنگ کا کھیل پہلی مرتبہ پیرس اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے اس کھیل نے اولمپک ڈیبیو کیا جس میں بی ایونٹ گرلز اور بی بوائز کا بریک ڈانسنگ مقابلہ ہوا۔
بی ایونٹ گرلز میں جاپان نے سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ بی بوائز ایونٹ میں کینیڈا نے گولڈ میڈل جیتا۔
 

کرکٹ 128 سال بعد اولمپکس کا حصہ بنے گی جسے ٹی20 فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بریک ڈانسنگ مقابلے کو اُس وقت پیرس اولمپکس میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب آسٹریلوی کھلاڑی رکیل گن المعروف رے گن نے پرفارم کیا۔
36 برس کی بریک ڈانسر کو غیر روایتی طور پر کینگرو ہوپ اور سپرنکل بریک ڈانس کے بعد خود کا دفاع کرنا پڑ گیا۔
رے گن بریک ڈانسنگ میں کوئی بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہیں جس کے بعد انہوں نے لاس اینجیلس اولمپکس میں یہ کھیل نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ سن کر بہت مایوسی ہوئی کہ لاس اینجیلس میں یہ کھیل نہیں ہوگا۔‘
بریک ڈانسنگ کی جگہ 2028 لاس اینجیلس اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ 128 سال بعد اولمپکس کا حصہ بنے گی جسے ٹی20 فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل 1900 میں کرکٹ کو پہلی مرتبہ اولمپکس کا حصہ بنایا گیا تھا۔
کرکٹ کے علاوہ بیس بال، سوفٹ بال اور لیکروس کو بھی لاس اینجیلس اولمپکس کا حصہ بنایا جائے گا۔

شیئر: