Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کے افریقہ میں انسانی ہمدردی کے منصوبے

رابطہ کے تعاون سے نابینا پن کی روک تھام کے پروگرام کا افتتاح کیا۔ فوٹو: رابطہ عالم اسلامی
رابطہ عالم اسلامی نے افریقہ میں اپنے انسانی ہمدردی کے اقدامات کو تیز کردیا ہے۔ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کینیا میں متعدد امدادی منصوبوں کی سربراہی کررہے ہیں۔
افریقہ میں نابینا پن کی روک تھام  کےلیے نیروبی میں کینیا کی وزارت صحت کے حکام اور افریقہ میں کام کرنے والی ہیومینٹرین تنظیموں کی موجودگی میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل نے لائنز سائٹ فرسٹ آئی ہسپتال کے ساتھ شراکت میں نابینا پن کی روک تھام کے پروگرام کا افتتاح کیا۔
ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد موتیا کے سیکڑوں مریضوں کی سرجری کے ساتھ آنکھوں کے مکمل معائنے اور ضروری طبی سامان فراہم کرنا ہے۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کینیا کی ایک کچی آبادی کے ترقیاتی منصوبے کا بھی معائنہ کیا جس کی نگرانی رابطہ اور بین الاقوامی شراکت دار کررہے ہیں۔ کمیونٹی کی شمسی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رابطہ کے عزم کا ااظہار کیا۔
انہوں نے رابطہ اور ہیپاٹائٹس فنڈ کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی جو اس بیماری سے متاثرہ افراد کی روک تھام ، علاج اور دیکھ بھال فراہم کرے گا جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو خطرہ لاحق ہے۔


کینیا میں مسلمانوں کی سپریم کونسل کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوئے۔( فوٹو: رابطہ عالم اسلامی)

علاوہ ازیں رابطہ کے سیکرٹری جنرل اور کینیا کے مسلمانوں کی سپریم کونسل کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اس معاہدے میں میثاق مکہ مکرمہ، عربی زبان کی خدمت، اسلامی اور قومی بیداری کو بڑھانا اور افریقہ کے مسلمانوں اور عالم اسلام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا شامل ہے۔
یاد رہے گزشتہ جمعے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے نیروبی کی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا جس میں کینیا کے ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔
انہوں نے اسلام کی اقداراور اخلاقیات پر تبادلہ خیال کیا۔ متنوع معاشروں میں بقائے باہمی، قومی بھائی چارے اور ہم آہنگی پر زور دیا۔

شیئر: