Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے خلاف ہمارے کھلاڑی بیٹنگ اور بولنگ کے لیے تیار ہیں: نجم الحسین شانتو

شان مسعود نے کہا کہ راولپنڈی کی پِچ فاسٹ بولرز اور بیٹرز کے لیے مددگار ہوتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو کہتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ایک بہت بڑا موقع ہے۔
منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم الحسین شانتو نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پِچ کے بارے میں کہا کہ ’ٹاس بہت اہم ہے۔ کھلاڑی بیٹنگ اور بولنگ کے لیے تیار ہیں۔ میں زیادہ ٹاس کے بارے میں نہیں سوچ رہا۔ بطور کھلاڑی ہمیں ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے خلاف کھیلنا ایک بہت بڑا موقع ہے۔ ہماری بہت متوازن ٹیم ہے۔‘
بنگلہ دیش کی غیر یقینی سیاسی صورتحال اور اس سے بطور سیاست دان شکیب الحسن پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں کپتان نے کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ انہیں کوئی فرق پڑے گا۔ وہ بہت عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ میں اُن کے سیاسی کیریئر کے بارے میں کچھ نہیں سوچ رہا۔ امید ہے وہ اس سیریز میں اچھا کھیلیں گے۔‘
دوسری جانب پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’جہاں تک بنگلہ دیش کی بات ہے تو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں کسی بھی مخالف ٹیم کو کمزور نہیں کہا جا سکتا۔‘
شان مسعود نے مزید کہا کہ راولپنڈی کی پِچ فاسٹ بولرز اور بیٹرز کے لیے مددگار ہوتی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’ہمارے پاس چھ کوالٹی فاسٹ بولر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں میچ جیتنے کے لیے آپ کو 20 وکٹیں حاصل کرنی ہوتی ہیں۔ ہمارا پہلا مقصد 20 وکٹیں حاصل کرنا ہو گا۔‘
 
صائم ایوب کے بطور اوپنر کھیلنے کے بارے میں شان مسعود نے کہا کہ ’بدقسمتی سے امام الحق اس سیریز میں نہیں ہیں۔ اس سیریز میں ہم سمجھ رہے تھے کہ یہ بہترین موقع ہے کہ ہم محمد ہریرہ کو سکواڈ میں لا سکتے ہیں۔‘
’صائم ایوب نے جو آخری ٹیسٹ میچ کھیلا، دوسری اننگز میں اس نے اچھی بیٹںگ کی۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ کھلاڑیوں کو بیک کریں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔    

شیئر: