Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ، پاکستان کوئی سپیشلسٹ سپنر نہیں کھلائے گا

ابرار احمد کے سکواڈ سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم پہلے ٹیسٹ فاسٹ بولرز کھلائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی ہے کہ پاکستانی ٹیم اس میچ میں کوئی سپیشلسٹ سپنر نہیں کھلائے گی۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں بغیر کسی سپیشلسٹ سپنر کے میدان میں اترے گی۔
پاکستانی سپیشلسٹ سپنر ابرار احمد کو پہلے ٹیسٹ کے سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے جس کے بعد وہ شاہینز (پاکستان اے ٹیم) کے سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
ابرار احمد کے سکواڈ سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم پہلے ٹیسٹ میں آل پیس اٹیک یعنی تمام فاسٹ بولرز کھلائے گی۔
نسیم شاہ کی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی کے بعد پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بولنگ لائن اپ شاہین آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور میر حمزہ پر مشتمل ہو سکتی ہے۔
ٹیسٹ سکواڈ سے ابرار احمد کے علاوہ کامران غلام کو بھی شاہینز کے لیے ریلیز کر دیا گیا ہے جہاں وہ شاہینز کی کپتانی کریں گے۔
ان دونوں کھلاڑیوں کو سکواڈ سے ریلیز کرنے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ بینچ پر بیٹھنے کے بجائے یہ کھلاڑی شاہینز کی جانب سے کرکٹ کھیلیں گے۔
ابرار احمد کی سکواڈ میں عدم موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم ہوم ٹیسٹ میں 1995 کے بعد پہلی مرتبہ فرنٹ لائن سپنر کے بغیر میدان میں اترے گی۔
 

سپیشلسٹ سپنر ابرار احمد کو پہلے ٹیسٹ کے سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد دونوں ٹیمیں کراچی روانہ ہوں گی جہاں 30 اگست سے دوسرا ٹیسٹ میچ شیڈول ہے۔
خیال رہے کہ شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان چار روزہ میچ 20 اگست سے اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔
اس میچ کے بعد ابرار احمد اور کامران غلام دونوں کراچی ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 

شیئر: