Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد ندیم نے ہم سب کو جذباتی کر دیا: ٹیسٹ کپتان شان مسعود

جیسن گیلسپی نے کہا کہ ’ابرار احمد اپنے کیریئر کے آغاز میں ایک عمدہ نوجوان فاسٹ بولر ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے ہم سب کو جذباتی کر دیا۔
شان مسعود نے ٹیسٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ جیسن گیلسپی کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈکاسٹ شو میں شرکت کی۔
اس پوڈکاسٹ شو میں شان مسعود نے کہا کہ ’ارشد ندیم نے ہم سب کو جذباتی کر دیا، پوڈیم پر پرچم لہرانا اور اولمپک بیل بجانا بڑا شاندار تھا۔‘
شان مسعود نے مزید کہا کہ ’ارشد ندیم کی کامیابی نے پاکستان کے لیے کچھ کرنے کے لیے سب کو متحرک کر دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگلے چار سے پانچ ماہ کے دوران 9 ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ اس سے قبل ایک سال کے دوران ایسا کبھی نہیں ہوا۔‘
ٹیسٹ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ’دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ سکواڈ میں ایسے فاسٹ بولر ہیں جو پلیئنگ الیون میں شامل ہونے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔‘
پوڈکاسٹ میں ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گیلسپی نے کہا کہ ’ابرار احمد اپنے کیریئر کے آغاز میں ایک عمدہ نوجوان فاسٹ بولر ہیں۔ سلمان علی آغا کو ایک اچھا سپیشلسٹ سپنر سمجھتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بیرون ملک کھیلنے کا کھلاڑیوں کو مالی طور پر فائدہ ہوتا ہے۔ اگر کھلاڑیوں کو بیرون ملک کھیل کر پاکستان کے لیے ایک بہتر کرکٹر بننے کا موقع ملتا ہے تو انہیں ان مواقعوں کو زیر غور لانا چاہیے۔‘
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کھیلے گی۔
اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں ہوگا۔
اس سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

شیئر: