Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد سیریز کے دونوں میچ راولپنڈی ہی میں کھیلیں جائیں گے۔
سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 30 اگست سے کراچی میں شیڈول تھا جسے اب راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
ٹیسٹ میچ کی منتقلی کا فیصلہ کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم کی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ہونے والے تعمیراتی کام کے باعث کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ تعمیراتی ماہرین سے مشورے کے بعد کیا گیا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی گئی۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا تھا کہ کراچی ٹیسٹ تعمیراتی کاموں کی وجہ سے شائقین کے بغیر کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے نئے فیصلے کے بعد اب دونوں ٹیسٹ میچوں میں تماشائی لائیو ایکشن دیکھنے آ سکیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں شاہینز (پاکستان اے ٹیم) اور بنگلہ دیش اے کے درمیان سیریز معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔
 اس سے قبل بنگلہ دیش نے 2020 میں ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے اہم خبر یہ سامنے آئی ہے کہ گرین شرٹس کی پلیئنگ الیون میں پہلے میچ کے لیے کوئی بھی سپیشلسٹ سپنر شامل نہیں ہوگا۔
پاکستانی ٹیم 28 سال بعد اپنے ہوم گراؤنڈ میں بغیر کسی سپیشلسٹ سپنر کے اترے گی۔
پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم کی بولنگ لائن اپ فاسٹ بولرز پر مشتمل ہوگی جس میں ممکنہ طور پر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور میر حمزہ شامل ہوں گے۔

شیئر: