Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکی صورتحال، بنگلہ دیشی ہیڈ کوچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوران گفتگو آبدیدہ ہوگئے

ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ’کنڈیشنز نہیں بلکہ میرٹ پر سپنرز کو سکواڈ میں منتخب کیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
دورہ پاکستان پر موجود بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوروسنگھا ملکی صورتحال کے باعث دوران میڈیا ٹاک آبدیدہ ہوگئے۔
چندیکا ہتھوروسنگھا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بنگلہ دیش میں کئی خاندانوں نے اپنے پیاروں کی جان گنوائی، بہت جذباتی صورتحال تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ اب بنگلہ دیش میں کیا ہو رہا ہے، مجھے اپنا کانٹریکٹ پورا کرنا ہے۔ اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مجھے تبدیل کرنا ہوا تو فیصلہ منظور ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پِچ فاسٹ بولرز اور بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے۔ بنگلہ دیش کے سکواڈ میں باصلاحیت فاسٹ بولرز ہیں، دو سپن آل راؤنڈر بھی موجود ہیں۔‘
ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ’کنڈیشنز نہیں بلکہ میرٹ پر سپنرز کو سکواڈ میں منتخب کیا۔ لاہور میں بھی تین روز بھرپور پریکٹس کی۔ چھ ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش اے کے لیے کھیل کر پریکٹس کی۔‘
چندیکا ہتھوروسنگھا کا مزید کہنا تھا کہ وہ بنگلہ دیشی سپن کوچ مشتاق احمد کو 1998 سے جانتے ہیں۔ بنگلہ دیش کی کوچنگ میں اچھی شمولیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مشتاق احمد اپنا انگلینڈ اور پاکستان میں کام کرنے کا تجربہ شیئر کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست سے راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہیں۔

شیئر: