Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم ایم اے ایشیئن چیمپئن شپ: بانو بٹ فائنل میں پہنچ گئیں

پاکستانی فائٹر بانو بٹ نے خود سے پانچ سال بڑی انڈین ریسلر کو ہرایا (فوٹو: سوشل میڈیا)
مکسڈ مارشل آرٹس ایشیئن چیمپئن شپ میں پاکستان کی بانو بٹ نے انڈین فائٹر خوشبو نشاد کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
بدھ کو ڈی ایچ اے سپورٹس کمپلیکس لاہور میں خواتین کی 47.6 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں بانو بٹ نے انڈین حریف کو کو ہرایا۔
بانو بٹ عرف ڈینجرس شارک 5 اگست 2004 میں پیدا ہوئی تھیں اور اس وقت ان کی عمر 20 سال ہے جبکہ انڈین فائٹر خوشبو نشاد کی عمر 25 سال ہے۔
اس طرح خوشبو نشاد بانو بٹ سے عمر میں پانچ سال بڑی ہیں۔
سیمی فائنل جیتنے کے بعد بانو بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ایونٹ کے لیے بہت محنت کی تھی، مجھ سے کوچ نے پوچھا تھا کہ کیا آپ سینیئر کھیل سکتی ہیں؟‘
’اس پر میں نے ان سے کہا کہ کھیل لوں گی، خود کو ٹیسٹ کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میری کیٹیگری جونیئر کی تھی۔‘
بانو بٹ خوشبو نشاد کے بارے میں کہتی ہیں کہ ’انڈین حریف میری بڑی بہن کی طرح ہیں ،تاہم مقابلے میں دوستی ختم ہوجاتی ہے، آج فائٹ مشکل تھی، سینیئر جونیئر کا فرق آجاتا ہے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’میں جس طرح چاہ رہی تھی اتنی اچھی پرفارمنس نہیں آئی، جمعرات کو فائنل میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتوں گی۔‘
دوسری جانب ویلٹر ویٹ 77.1 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستانی فائٹر تیمور چشتی کو بحرین کے فائٹرعلی مرہون نے پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آوٹ کیا۔

شیئر: