سعودی عرب کی فالکنز ٹیم ای سپورٹس ورلڈ کپ کلب چیمپئن بن گئی
سعودی عرب کی فالکنز ٹیم ای سپورٹس ورلڈ کپ کلب چیمپئن بن گئی
اتوار 18 اگست 2024 15:53
ای گیمنگ میں 60 ممالک کے 1500 سے زائد کھلاڑی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ فوٹو واس
ریاض بلیوارڈ سٹی میں ہونے والے ای سپورٹس ورلڈ کپ میں مملکت کی فالکنز ٹیم نے سنیچر کو ہونے والا بڑا مقابلہ جیت کر ٹائٹل اور 70 لاکھ ڈالر کا پہلا انعام اپنے نام کر لیا۔
عرب نیوز کے مطابق مقابلہ جیتنے کے بعد ٹیم فالکنز پہلی بار ای سپورٹس ورلڈ کپ 2024 کی کلب چیمپئن شپ کی فاتح بن گئی ہے۔
مملکت کے دارالحکومت کی ٹیم کے ہیروز پہلے ہی 7 جولائی سے جاری ای گیمنگ کی کمانڈنگ چیمپئن شپ میں 4160 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
ریاض میں جاری ای گیمز کے ساتویں ہفتے کے اختتام پر دو مقابلوں کے نتائج نے ٹیم فالکنز کو ناقابل تسخیر مقام پر پہنچا دیا ہے۔
نیدرلینڈز کی ٹیم لیکوڈ دوسرے نمبر پر ٹیم فالکنز کی قریب ترین چیلنجر ہے جو آئندہ ہفتے کے آٹھویں مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے سے محروم ہو گئی ہے جس کے بعد ای سپورٹس ورلڈ کپ کلب چیمپئن شپ جیتنے کی ان کی امید بھی ختم ہوگئی ہے۔
ان مقابلوں میں شامل ٹیم وائٹلٹی بھی StarCraft II سے ہارنے کے بعد مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
بلیوارڈ سٹی ریاض میں موجود شائقین نے پرجوش انداز میں اس کامیابی کا جشن منایا۔
سعودی ای سپورٹس StarCraft II، EA Sports FC 24 اور Call of Duty: Modern Warfare III کے عظیم الشان فائنل مقابلے رواں ہفتے ہوں گے۔
ریاض میں ای سپورٹس ورلڈ کپ اتوار 25 اگست کو شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، اس تقریب میں ای سپورٹس ورلڈ کپ کلب چیمپئن کا اعزاز اور نقد انعام دیا جائے گا۔
ای سپورٹس ورلڈ کپ بیک وقت مختلف گیم کھیلنے کا ایک منفرد تصور پیش کرتا ہے جس میں 21 سرکردہ گیمز میں 22 عالمی مقابلوں میں دنیا کے سرفہرست کلبز اور کھلاڑی شریک ہیں۔
60 ممالک کے 1500 سے زائد کھلاڑی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، ای سپورٹس کی تاریخ میں مجموعی طور پر 60 ملین ڈالر سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔