بوٹسوانا میں 2492 قیراط کا دنیا کا دوسرا بڑا ہیرا دریافت
بوٹسوانا میں 2492 قیراط کا دنیا کا دوسرا بڑا ہیرا دریافت
جمعرات 22 اگست 2024 16:00
ہیروں کی کان کنی افریقی ملک بوٹسوانا کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہے۔ فوٹو بی بی سی
کینیڈا کی کان کنی کمپنی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ دنیا کے اب تک کے سب سے بڑے ہیروں میں سے ایک 2492 قیراط کا ہیرا افریقی ملک بوٹسوانا میں دریافت ہوا ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق کینیڈا کی لوکارا ڈائمنڈ کارپوریشن نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ’ یہ ہیرا شمال مشرقی بوٹسوانا میں کیروے ڈائمنڈ مائن (ہیروں کی کان) میں سے ملا ہے۔
افریقی ملک بوٹسوانا میں ہیروں کی یہ کان دارالحکومت گیبرون سے تقریباً 430 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
ہیرا تلاش کرنے والی کینیڈین کمپنی نے اس کی قیمت یا معیار کی تحقیق کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی۔
قیراط کے لحاظ سے کہا جا سکتا ہے کہ یہ ہیرا اب تک کے سب سے بڑے جواہر کے معیار سے کم نہیں۔
اس دریافت سے قبل 1905 میں 3016.75 قیراط کا کلینن ڈائمنڈ جنوبی افریقہ سے دریافت ہوا تھا اور یہ ہیرا دوسری بڑی دریافت ہے۔
کینیڈا کی کمپنی لوکارا کے صدر اور سی ای او ولیم لیمب نے اپنے بیان میں کہا ہے ’ 2492 قیراط کے غیر معمولی ہیرے کی دریافت پر ہمیں انتہائی خوشی ہے۔
ولیم لیمب نے مزید بتایا ’ ہماری کمپنی نے میگا ڈائمنڈ ریکوری ایکسرے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کا اندازہ لگایا ہے کہ قیمتی پتھروں کی تلاش میں اب تک کے سب سے بڑے ہیروں میں سے ایک ہے۔
بوٹسوانا کے صدر موگوستی ماسیسی کو جمعرات کے روز یہ نادر دریافت دکھائی جائے گی۔
دنیا میں سب سے زیادہ ہیروں کی کانیں بوٹسوانا میں ہیں اور ہیروں کی کان کنی ملک کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہے۔
کینیڈین ڈائمنڈ مائن کمپنی لوکارا نے اس ہیرے کی دریافت کا اعلان کرنے سے قبل بتایا ہے کہ کمپنی نے 2019 میں بوٹسوانا سے 1758 قیراط کا سیویلو نامی ہیرا دریافت کیا تھا۔