سری لنکا کا یکم اکتوبر سے سعودیوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان
جمعرات 22 اگست 2024 18:33
سری لنکا نے 35 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سری لنکا کی وزارت سیاحت کے مشیر ہرین فرنینڈو نے کہا ہے کہ حکومت یکم اکتوبر سے سعودی شہریوں کو ویزا فری انٹری کی اجازت دے گی۔
سعودی عرب میں سری لنکا کے سفیر امیر اجواد نے ’عرب نیوز‘ کو بتایا کہ ’سعودی شہریوں کو سری لنکا میں ویزا فری رسائی فراہم کرنے کا تاریخی فیصلہ سری لنکا اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے اور کاروباری تبادلوں کو بڑھانے کے لئے محرک کا کام کرے گا‘۔
اجواد نے مزید کہا کہ ’اس سے عوامی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور یہ اس سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 50 سال پورے ہونے کا جشن منا رہا ہے‘۔
جمعرات کو اپنے اعلان میں سری لنکا کی حکومت نے 35 ممالک کے شہریوں کو ویزا فری رسائی کی اجازت دے دی۔
ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، برطانیہ، چین، امریکہ، انڈیا، جرمنی، نیدرلینڈ، بیلجیئم، سپین، آسٹریلیا، ڈنمارک، پولینڈ، قازقستان، نیپال، انڈونیشیا، روس اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
فہرست میں ملائیشیا، جاپان، فرانس، کینیڈا، چیک ریپبلک، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، اسرائیل، بیلاروس، ایران، سویڈن، جنوبی کوریا، قطر، عمان، بحرین اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
جولائی میں سری لنکا کی ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب، سری لنکا کے لیے سیاحوں کا تیسرا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
سری لنکا کے سفارت خانے نے 27 سے 29 مئی تک ریاض ٹریول فیئر 2024 میں اپنی سیاحتی مصنوعات کی نمائش سمیت جزیرہ نما ملک کو ایک منزل کے طور پر فروغ دینے میں مدد کی تھی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں